پرویز مشرف

بینظیرقتل کیس‘پرویزمشرف کے منجمد اکاﺅنٹس سے رقم نکلوانے پر ایف آئی اے سے وضاحت طلب

راولپنڈی (صباح نیوز) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے بینظیر قتل کیس میں پرویز مشرف کے منجمد بینک اکاﺅنٹس سے رقم نکلوانے پر ایف آئی اے سے وضاحت طلب کرلی۔

پیر کو راولپنڈی میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سابق وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹو قتل کیس کی سماعت کی تاہم ایف آئی اے پراسیکیوٹر اور تفتیشی آفیسر پیش نہ ہوئے۔ عدالت نے ملزم پرویز مشرف کے اثاثوں کی تفصیلات پیش نہ کرنے اور ان کے منجمد بینک اکاﺅ نٹس سے رقم نکلوانے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔

فاضل جج اصغر خان نے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے سے جواب طلب کرتے ہوئے استفسار کیا کہ منجمد اکاﺅنٹ سے رقم کیسے نکلی؟۔ عدالت نے 27 جولائی تک سابق آرمی چیف و صدر جنرل (ر)پرویز مشرف کے اثاثوں کی مکمل تفصیلات اور رقم نکلوانے کی وضاحت طلب کرلی۔

بے نظیر بھٹو 27 دسمبر 2007 کو لیاقت باغ راولپنڈ ی میں جلسے میں خود کش حملہ میں جاں بحق ہوگئی تھیں۔ ان کے قتل کے مقدمے میں جنرل(ر) پرویز مشرف اشتہاری اور مفرور ملزم ہیں۔ اس کیس میں ان کی جائیداد، اثاثے اور بینک اکاﺅ نٹس بھی منجمد ہوچکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں