آصف زرداری

جعلی اکاوئنٹس کیس، آصف زرداری نے ضمانت قبل از گرفتاری کیلئے ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا

اسلام آباد(این این آئی) سابق صدر آصف زرداری نے جعلی اکاونٹس کیس میں نیب کی جانب سے گرفتاری کے خدشے کے پیش نظر ضمانت قبل از گرفتاری کے لیے ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔

سابق صدر کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ جعلی اکاونٹس کیس میں اب تک طلبی کے 3 سمن موصول ہو چکے ہیں اور معلوم نہیں کہ میرے خلاف کتنی انکوائریز چل رہی ہیں، نیب کسی بھی انکوائری میں گرفتار کرسکتا ہے۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ ٹرائل مکمل ہونے تک ضمانت منظور کی جائے، گرفتاری سے بچنے کے لیے عدالت کے سوا کوئی آپشن نہیں اس لیے نیب کو گرفتاری سے روکا جائے۔سابق صدر کی جانب سے درخواست ضمانت میں چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال اور ڈپٹی ڈائریکٹر نیب محمد کامران کو فریق بنایا گیا ہے۔

ایف آئی اے نے گزشتہ سال 6 جولائی کو بینکنگ کورٹ میں مقدمہ دائر کیا جس کی تقریباً 8 ماہ تک سماعت ہوئی، آصف زرداری اور فریال تالپور نے مقدمے میں گرفتاری سے بچنے کے لیے حفاظتی ضمانت لے رکھی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں