راولپنڈی‘ موسلادھار بارش

راولپنڈی‘ موسلادھار بارش، 4افراد برساتی نالے میں بہہ کر جاں بحق

راولپنڈی (صباح نیوز) جڑواں شہروں میں موسلادھار بارش کے نتیجے میں 6 افراد برساتی نالے میں ڈوب گئے۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے علاقے مورگاہ میں مون سون کی موسلادھار بارش کے باعث نالے کے کنارے پر بنے مکان میں سوئے 6 افراد عمارت منہدم ہونے سے برساتی پانی میں بہہ گئے جن میں سے 4 افراد کی لاشیں تلاش کرکے نکال لیں گئیں جبکہ 2 افراد کو سرچ آپریشن کے بعد بچا لیا گیا۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر راولپنڈی نے کہا کہ شدید بارش کے نتیجے میں مورگاہ میں واقع نالے کے کنارے پر بنا مکان منہدم ہوا اور عمارت میں سوئے 6 افراد برساتی نالے میں ڈوب گئے تھے جن میں سے 4 افراد کی لاشیں تلاش کرکے پانی سے نکالی جاچکی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ نالے میں بہہ جانے والے 4 افراد میں ایک خاتون ، بچہ، 21 سالہ عنایت شاہ اور 10 سالہ وہاب شامل ہیں، اس کے علاوہ ایک ماں اور بچے کو سرچ آپریشن کرکے زندہ بچا لیا گیا ہے۔

دوسری جانب ترجمان ضلعی حکومت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں شدید بارش سے نالہ لئی میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ۔ راولپنڈی میں بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آگئے، نالا لئی میں پانی کی سطح بلند ہوگئی۔

واسا کے مطابق کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 11 فٹ اور گوالمنڈی کے مقام پر نالہ لئی میں پانی کی سطح 8 فٹ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں