جعلی کولڈ ڈرنکس

فوڈ اتھارٹی نے رمضان ‘عید کیلئے جعلی کولڈ ڈرنکس تیار کرنےوالی فیکٹری پکڑ کر پانچ ہزار سے زائد تیار، ایک ہزار خالی بوتلیں برآمد کر کے تلف کر دیں

لاہور( این این آئی) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے رمضان اور عید کے لیے جعلی کولڈ ڈرنکس تیار کرنے والی فیکٹری پکڑ کر 5 ہزار سے زائد تیار، ایک ہزار خالی بوتلیں برآمد کر کے تلف کر دیں ۔ڈ ی جی فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان کے مطابق ٹھوکر کے علاقے مرید وال میں بظاہر رہائشی گھر میں چھپا کر فیکٹری لگائی گئی تھی۔

چھاپے کے دوران بھاری مقدار میں مصنوعی میٹھاس، فلیورز، کمیکلز، جعلی لیبلز، اور ڈھکن بھی برآمد کئے گئے ۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق کارروائی کے دوران فیکٹری اکھاڑ دی گئی اور 2 مشینیں،4 سلنڈرز ، موٹر اور پریشر مشین ضبط کر لی گئیں۔فوڈ اتھارٹی کی جانب سے جعل سازی کا مکروہ دھندہ کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کرا کے موقع سے گرفتار کروا دیا گیا۔کیپٹن (ر)محمد عثمان کے مطابق گندے پانی، کیمیکلز، مصنوئی فلیورز اور کھلے رنگوں سے جعلی بوتلیں تیار کی جا رہی تھی۔

جعلی کاربونیڈڈ ڈرنکس بغیر کسی فارمولے کے اندازے سے تیار کی جاتی ہیں۔فارمولے کے بغیر کیمیکلز سے تیار ڈرنکس کینسر، معدے کے السر جیسی موذی بیماریوں کا سبب بنتی ہیں۔جعلی بوتلوں پر کی جانے والی اصل جیسی نقل لیبلنگ عام عوام کی پہچان میں نہیں آتی۔کیپٹن (ر) محمد عثمان نے بتایا کہ معروف برانڈز کی نقل تیار کرکے دیہاتوں، بس سٹینڈز، مسافر خانوں اور چھوٹے فوڈ پوائنٹس پر سپلائی کی جاتی تھی۔ویجیلنس سیل نے سپلائی چین کی ریکی کر کے فیکٹری کا پتہ لگایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں