ایفی ڈرین

ایفی ڈرین کیس میں حنیف عباسی کی عمر قید کی سزا معطل، رہائی کا حکم

لاہور ( این این آئی) لاہور ہائیکورٹ نے ایفی ڈرین کیس میں عمر قید کی سزا پانے والے مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما حنیف عباسی کی سزا معطل کرتے ہوئے انہیں ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دےدیا۔ہائیکورٹ کی جس عالیہ نیلم اور جسٹس سرفراز ڈوگر نے کیس کی سماعت کی ۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی نے انسداد منشیات کی عدالت سے ایفی ڈرین کیس میں عمر قید کی سزا کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔حنیف عباسی نے اپنی درخواست میں موقف اپنایا کہ ایفی ڈرین مختلف فارما سوٹیکل کمپنیز کو فروخت کیا گیا،حنیف عباسی کی گریس فارما سوٹیکل سے ریکوری نہیں ہوئی،ماتحت عدالت نے قانون کو نظر انداز کر کے فیصلہ سنایا۔

وکیل نے کہا کہ ایفی ڈرین منشیات کے زمرے میں نہیں آتا،کیس میں نامزد دیگر 7 ملزمان کو رہا کردیا گیا ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ درخواست گزار کے خلاف سیاسی بنیادوں پر کیس بنایا گیا لہٰذا عدالت سزا معطل کرکے ضمانت منظور اور رہا کرنے کا حکم دے۔سرکاری وکیل نے کہا کہ حنیف عباسی پر 330کلو ایفی ڈرین اسمگلنگ کا الزام ہے، 500کلو ایفی ڈرین اسمگل کرنے کا مقدمہ سنہ 2010میں درج کیا گیا۔

وکیل کا کہنا تھا کہ گریس فارما سوٹیکل کو ملزم بنایا گیا ہے، 137کلو ایفی ڈرین کو غیر قانونی طور پر فروخت کیا گیا۔دلائل کے بعد لاہور ہائیکورٹ نے حنیف عباسی کی عمر قید کی سزا معطل کردی اور انہیں ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ انسدادِ منشیات کی عدالت نے اس کیس میں بہت سے قانونی پہلوﺅں کو نظر انداز کیا لہٰذا حنیف عباسی ضمانت کے حق دار ہیں اور ان کی ضمانت منظور کی جاتی ہے۔ہائیکورٹ نے حنیف عباسی کی رہائی کا حکم دیا ہے اور انہیں ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

حنیف عباسی عارضہ قلب کے باعث لاہور کے شیخ زید ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔خیال رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی و دیگر ملزمان پر جولائی 2012ءمیں 500کلو گرام ایفی ڈرین حاصل کرنے کا مقدمہ دائر کیا گیا تھا، اینٹی نارکوٹکس فورس نے حنیف عباسی سمیت دیگر ملزمان پر 9سی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔

اس مقدمے میں حنیف عباسی کے علاوہ غضنفر، احمد بلال، عبدالباسط، ناصر خان، سراج عباسی، نزاکت اور محسن خورشید نامی افراد بھی شامل تھے۔ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں دورانِ سماعت 5 ججز ہوئے جبکہ کیس میں 36 گواہان نے اپنی شہادتیں قلمبند کرائیں، ملزمان پر الزام تھا کہ انہوں نے ایفی ڈرین کا غلط استعمال کیا۔گزشتہ سال راولپنڈی کی انسداد منشیات عدالت کے جج سردار محمد اکرم خان نے ایفی ڈرین کوٹا کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے (ن) لیگ کے رہنما حنیف عباسی کو عمر قید کی سزا سنائی تھی جب کہ دیگر 7ملزمان کو شک کی بنا پر بری کردیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں