طول وعرض میں بارش

ملک کے طول وعرض میں بارش سے سردی بڑھ گئی، پہاڑوں پر برفباری متوقع

اسلام آباد (صباح نیوز) محکمہ موسمیات نے بدھ کے روزبالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، اسلام آباد اور پنجاب میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ ملک کے بالائی علاقوں میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری جبکہ پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔

ملکہ کوہسار مری اور گردونواح میں گزشتہ شب سے گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جو آئندہ 24 گھنٹے تک رہے گا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ۔

بدھ کی صبح گھنے سیاہ بادل چھائے رہے اور بونداباندی بھی ہوئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کے روز بھی اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا تاہم ژوب، پشین، قلعہ عبد اللہ اور کوئٹہ کے اضلاع میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے پنجاب کے اضلاع کے راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد، منڈی بہاالدین، نارووال، سیالکوٹ، بھکر، خوشاب، میانوالی، سرگودھا، قصور، لاہور، شیخوپورہ اور ننکانہ صاحب میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ کہیں کہیں تیزہواﺅں/ آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی ۔

خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش کیساتھ ژالہ باری بھی متوقع ہے۔گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے اکثر علاقوں میں موسم خشک جبکہ شمالی علاقہ جات میں موسم سرد رہا۔ سب سے زیادہ سردی کالام اور سکردو میں پڑی جہاں درجہ حرات 0 ریکارڈ کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں