کامیاب دورہ

وزیراعظم کے کامیاب دورہ سے شریفوں کے ارمانوں پر اوس پڑ گئی، فردو س عاشق اعوان

اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کے کامیاب دورہ امریکہ سے ہاوس آف شریف کے ارمانوں پر اوس پڑ گئی۔

بدھ کو معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے ٹوئٹر بیان میں تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کا بیان کپتان کے خلاف حسد کا اظہار ہے کیونکہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکہ کی کامیابیوں سے ہاو¿س آف شریف کے ارمانوں پر اوس پڑ گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو امریکہ میں پاکستانیوں کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ دیکھ کر برداشت نہیں ہوا، ارینا ون کے عوامی جوش وخروش، والہانہ استقبال اور صدر ٹرمپ کے ساتھ کامیاب ملاقات نے ان کی نیندیں اڑا دیں ہیں۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ شہباز شریف عمران خان سے عداوت اور بغض میں جتنا عوام کو گمراہ کرتے ہیں، ان کی محبت عمران خان کے لیے بڑھتی جاتی ہے۔معاون خصوصی نے بتایا کہ دورہ امریکہ پر عمران خان کشمیریوں کے وکیل بن کر ابھرے، انہوں نے تنازع کشمیر کے حل کی اہمیت کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا۔انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کشمیر پر سیاست کرنے سے پہلے آنکھیں کھول کر سید علی گیلانی کا بیان پڑھ لیتے،کشمیریوں کے قائد خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کم ظرف سوچ کے ساتھ بسوں میں سفر کا طعنہ دینے کے بجائے عمران خان کی سادگی اور کفایت شعاری کی مثال سے سیکھتے؟ شہباز صاحب! آپ سب سے بڑے شعبدہ باز ہیں جو لندن میں تو سڑکیں پیدل ناپتے ہیں لیکن پاکستان آتے ہی پروٹوکول کے نشے کا شکار ہو جاتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ شہباز شریف کا وزیراعظم کے دورہ امریکہ کے حوالے سے بیان ان کی پست سوچ اور کرپٹ خصلت کا آئینہ دار ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں