ڈولفن فورس تعینات

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر مری میں ڈولفن فورس تعینات

لاہور(اے پی پی )وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پرسیاحوں اورشہریوں کے تحفظ کے لئے مری میں ڈولفن فورس کو تعینات کردیا گیاہے اور ڈولفن فورس نے مری کی سڑکوں پر پٹرولنگ شروع کردی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر مری میں سیاحوں اور شہریوں کے تحفظ کے لئے ڈولفن فورس تعینات کی گئی ہے، وزیراعلیٰ نے انسپکٹر جنرل پولیس کو مری میں ڈولفن فور س کی فوری تعیناتی کے لئے گزشتہ روز ہدایات جاری کیں اور وزیراعلیٰ کی ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے اتوار کے روز مری میں ڈولفن فورس کے دستے تعینات کر دئیے گئے اور انہوں نے باقاعدہ پٹرولنگ کا آغاز کر دیا ہے -ڈولفن فورس جرائم پیشہ عناصر کے خلاف فوری ایکشن لے گی-ڈولفن فورس سٹریٹ کرائم کے سدباب کے لئے بھی فرائض سرانجام دے گی-وزیراعلیٰ نے کہاکہ مری میں ڈولفن فورس کی تعیناتی سے سیاحوں اور شہریوں میں تحفظ کا احساس بڑھے گا-سیاحوں اور شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں دیں گے -وزیراعلیٰ نے مری میں اوور چارجنگ اور کھانے پینے کی غیر معیاری اشیاء کے بارے میں شکایات کانوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ کو سیاحوں کی شکایات کے فوری ازالے کا حکم دیا ہے –

وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ اوورچارجنگ اور کھانے پینے کی غیر معیاری اشیاء فروخت کرنیوالوں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے اور انتظامی افسران اوور چارجنگ کے سدباب کے لئے موثر اقدامات اٹھائیں – وزیراعلیٰ نے کہاکہ کھانے پینے کی غیر معیاری اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے-سیاحتی مقامات پر اوورچارجنگ کرکے سیاحوں کو لوٹنا کسی صورت برداشت نہیں کیاجائے گا-آئندہ اوورچارجنگ کی شکایت ملی تو متعلقہ افسر کے خلاف کارروائی ہوگی-انہوں نے کہاکہ کھانے پینے کی معیاری اشیاء کی فروخت کو یقینی بنانا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے لہذا مری میں کھانے پینے کی غیر معیاری اشیاء-04 کی فروخت کو ہر صورت روکا جائے-کھانے پینے کی غیرمعیاری اشیاء فروخت اوراوورچارجنگ کرنے کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کر کے رپورٹ وزیراعلیٰ آفس بھجوائی جائے- وزیراعلیٰ نے مری میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ بہترین ٹریفک مینجمنٹ کر کے سیاحوں کو سہولتیں فراہم کی جائیں اور مشکلات کا ازالہ کیا جائے -ٹریفک رواں دواں رکھنے کے لئے جامع پلان مرتب کیا جائے اور اس پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے-انہوں نے کہاکہ مری میں پارکنگ کے دیرینہ مسئلے کا مستقل حل تلاش کیا جائے -پارکنگ اور زائد فیس کی وصولی کے بارے میں سیاحوں کو شکایات نہیں ہونی چاہئیں -اہم مقامات پر پارکنگ اور طے شدہ فیس کے بورڈ نمایاں طو رپر لگائے جائیں -انہوں نے کہاکہ انتظامیہ ہوٹل مالکان سے رابطے کر کے کرایوں کو مناسب سطح پر رکھنے کے لئے اقدامات کرے-سیاحوں کے ساتھ اچھے رویے کا مظاہرہ کیا جائے،جہاں بد تمیزی کی شکایت سامنے آئے ذمہ داروں کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے-

اپنا تبصرہ بھیجیں