جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے درمیان دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ جمعرات کو ہوگا، سری لنکا کو سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل

پورٹ الزبتھ: جنوبی افریقہ اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ جمعرات سے شروع ہو گا۔ مہمان سری لنکن ٹیم کو سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے۔ سری لنکا نے جنوبی افریقہ کو پہلے ٹیسٹ میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دے کر سیریز میں برتری حاصل کی تھی۔
پہلے ٹیسٹ میچ میں شاندار فتح کے بعد سری لنکن کھلاڑیوں نے اب سیریز اپنے نام کرنے پر نظریں جما لی ہیں جبکہ دوسری جانب میزبان ٹیم آخری ٹیسٹ میچ جیت کر سیریز برابر کرنے کیلئے پر جوش ہے اس لئے توقع ہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان آخری ٹیسٹ میچ میں دلچسپ مقابلہ ہو گا۔ واضح رہے کہ اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں