پولارڈ

پولارڈ دوبارہ سلطانز کے آڑے آگئے، زلمی 7 وکٹوں سے کامیاب

دبئی:پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کے 19ویں میچ میں پشاور زلمی نے کیرون پولارڈ اور عمر امین کی نصف سنچریوں کی بدولت ملتان سلطانز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔27گیندوں پر 52رنز کی اننگز کھیل کر کیرن پولارڈ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ۔ پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔ملتان سلطانز کی جانب سے عمر صدیق اور جیمز وینس نے اننگز کا آغاز کیا اور ٹیم کو 38رنز کا آغاز فراہم کیا۔عمر صدیق 18رنز بنانے کے بعد عمید آصف کی گیند پر 38کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے تو جیمز وینس نے جانسن چارلس کے ہمراہ 76رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔جانسن چارلس برق رفتار 57رنز بنانے کے بعد ڈاسن کی گیند پر 114کے مجموعے پر بولڈ ہوگئے، اس کے بعد 122 کے مجموعے پر جیمز وینس 41رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوگئے۔یہاں ایسا محسوس ہورہا تھا کہ ملتان سلطانز کے رنز کی رفتار میں کمی آئی گی، تاہم کپتان شعیب ملک نے ایسا نہیں ہونے دیا۔شعیب ملک کے ناقابلِ شکست 28اور ڈینیئل کرسچن کے 18رنز کی بدولت ملتان سلطانز 5وکٹوں کے نقصان پر 172رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔ہدف کے تعاقب میں آندرے فلیچر اور امام الحق نے 34رنز کا آغاز تو فراہم کیا تاہم 24رنز بنانے کے بعد فلیچر محمد عرفان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔کامران اکمل ایک مرتبہ پھر ناکام ہوگئے اور 35کے مجموعے پر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔امام الحق اور عمر امین نے 50رنز کی پارٹنر شپ فراہم کی اور اسکور کو 85تک پہنچایا جہاں امام الحق 39رنز بنانے کے بعد شاہد آفریدی کی گیند پر اسٹمپ آؤٹ ہوگئے۔اس کے بعد کیرون پولارڈ نے عمر امین کے ساتھ ذمہ دارانہ انداز میں کھیلتے ہوئے ٹیم کو جیت کی راہ پر گامزن کیا۔کیرون پولارڈ ایک مرتبہ پھر ملتان سلطانز کی جیت کے آڑے آتے ہوئے جنید خان کو 17ویں جبکہ ڈینیئل کرسچن کو 18ویں اوور میں بالترتیب ایک اور 3چھکے لگا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کردیا۔کیرون پولارڈ نے 5چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے ناقابل شکست 52رنز بنائے جبکہ عمر امین نے 7چوکوں کی مدد سے 54رنز کی اننگز کھیلی۔خیال رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان گروپ اسٹیج میں پہلے ہونے والے میچ میں پشاور زلمی نے کیرون پولارڈ کی دھواں دھار بیٹنگ کی بدولت ملتان سلطانز کو 5وکٹوں سے شکست دی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں