کپتان بابر اعظم

کرکٹ ٹیم کا کپتان بابر اعظم کو بنا دیا جائے، جاوید میاں داد کا مشورہ

لاہور(آن لائن ) آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2019ء-04 میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد کوچنگ سٹاف کی تبدیلی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، مایہ ناز سابق کپتان جاوید میانداد نے سرفراز احمد کی جگہ بابراعظم کو ون ڈے ٹیم کا کپتان بنانے کا مشورہ دیدیا ہے جو ورلڈکپ میں پاکستان کے سب سے بہترین بلے باز ٹھہرے جنہوں نے 67 سے زائد کی اوسط کیساتھ 474 رنز بنائے جن میں نیوزی لینڈ کیخلاف میچ وننگ سنچری اور تین نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔ خیال رہے کہ اس سے پہلے ون ڈے ٹیم کی کپتانی کیلئے عماد وسیم اور محمد حفیظ کے نام بھی زیر گردش کر رہے ہیں تاہم جاوید میانداد کا خیال ہے کہ کپتانی کسی ایسے کھلاڑی کو ملنی چاہئے جسے یہ ذمہ داری پہلے نہ ملی ہو۔ بابراعظم اس وقت پاکستان کے سب سے بہترین بلے باز ہیں اور لمبے عرصے تک پاکستان کی نمائندگی کرتے بھی نظر آتے ہیں۔

جاوید میانداد نے کہا ہے کہ ’’پاکستان کرکٹ بورڈ کو پاکستان کرکٹ کی بہترین کیلئے اپنی ترجیحات بدلنا ہوں گی اور یہ فیصلہ کرنا ہو گا کہ آگے بڑھنا ہے یا مزید زوال پذیر ہونا ہے۔ورلڈکپ کے بعد اب ہمیں ایک نئے چہرے کیساتھ نیا آغاز لینا ہے اس لئے بابراعظم ون ڈے ٹیم کی کپتانی کیلئے بہترین انتخاب ہو سکتے ہیں‘‘۔ خیال رہے کہ اس سے پہلے موجودی کپتان سرفراز احمد کہہ چکے ہیں کہ وہ خود کپتانی نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا تھا کہ انہیں کپتان پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنایا تھا اور وہی انہیں ہٹا سکتا ہے البتہ وہ خود کپتانی نہیں چھوڑیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں