دستیابی ظاہر

گیل کا آئندہ ماہ بھارت کے خلاف ون ڈے اور ٹیسٹ سیریز کا اعلان

جمیکا (اے پی پی) جارح مزاج ویسٹ انڈین بلے باز کرس گیل نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے فیصلے پر یوٹرن لیتے ہوئے رواں برس اگست میں بھارت کے خلاف شیڈول ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز کیلئے دستیابی ظاہر کر دی۔ گیل نے رواں سال فروری میں اعلان کیا تھا کہ وہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ چھوڑ دیں گے۔

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے گیل نے کہا کہ اس وقت تمام تر توجہ ائندہ ماہ اگست میں بھارت کے خلاف شیڈول ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز پر مرکوز ہے۔ کوشش ہو گی کہ عمدہ پرفارم کے ٹیم کو فتوحات دلوانے میں اہم کردار ادا کروں۔

ورلڈ کپ کے بعد مستقبل کے بارے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیلنا چاہتا ہوں اور اس کے ساتھ ساتھ ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں بھی ٹیم کو دستیاب ہوں گا البتہ ٹی ٹونٹی سیریز نہیں کھیلوں گا۔ انہوں نے کہا کہ کیریئر کے دوران جو کامیابیاں حاصل کیں وہ میرے لئے یادگار ہیں۔ بھارت کے خلاف سیریز میں سنچری بنانے کی خواہش ہے، اگر کامیاب نہ بھی ہوا تو خود سے شکوہ نہیں کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ بلاشبہ کیریئرکے دوران اتار چڑھاؤ آتا رہا لیکن ویسٹ انڈیز کی طرف سے کھیل کر ہر لمحے سے لطف اندوز ہوتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں دو ٹرپل سنچریاں اور ون ڈے میں ڈبل سنچری میرے کیریئر کی یادگار اننگز ہیں۔ ویسٹ انڈین ٹیم باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور مجھے اس کا مستقبل روشن نظر آ رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں