لاہور(این این آئی ) چیئر پرسن سٹیڈنگ کمیٹی فار چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم مومنہ وحید نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی نئی صف بند ی کوشش بری طرح ناکام ہوگئی ،اپوزیشن جماعتیں اپنے مفاد کے لئے اکٹھا ہونے کی کوشش کررہی ہیں مگر یہ کبھی ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا نہیں ہوسکتیں ،اپوزیشن میں واضح اختلافات موجود ہیں،
آصف علی زرداری اور نوازشریف پر کرپشن کے سنگین الزامات ہیں اس لئے اب وہ اپنے اولاد کو سامنے لائے ہیں، آصف علی زرداری اور نوازشریف کو علم ہے کہ عوام انہیں مسترد کرچکے ہیں اور ان کی سےاست ختم ہوگئی ہے ۔اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ ( ن) لیگ اور پیپلزپارٹی نے ملک کو تباہ کیا ان جماعتوں کو اب پائی پائی کا حساب دینا ہوگا ، شریف برادران اور زرداریوں کی لوٹ کھسوسٹ کی سیاست ختم ہوچکی ہے۔
انہوں نے کہاکہ نوازشریف اس طرح جیل گئے جیسے وہ کرپشن کا ورلڈ کپ جیت کر آئے ہیں، نوازشریف کے کرپٹ عناصر کے ہمراہ جیل جانے کا منظر پوری دنیا نے دےکھا، ملک کو لوٹنے کا والوں کا ٹھکانہ جیل ہی ہے ، جیل میں جانے والے اپنے کئے کی سزا بھگت رہے ہیں۔ آصف علی زرداری نے سندھ تباہ کردیا ،سندھ کے عوام پیپلزپارٹی سے نجات مانگ رہے ہیں۔ایک طرف سندھ کا برا حال ہے تو دوسری طرف پنجاب دس سال میں تباہ ہوگیا ،اسی طرح پورے ملک کاحال ہے، ملک میں معاشی اصلاحات لانے کے لئے وقت درکار ہے ، ملک کے تمام مسائل بتدرےج حل کرلیں گے۔انہوں نے کہاکہ نوازشریف جیل میں ہیں اور شہبازشریف ملک سے باہر ہیں، مسلم لیگ (ن) اب لاوارث جماعت بن گئی ہے ،اس جماعت کا کوئی قائد نہیں ہے ،کرپشن کرنے والی جماعتوں کے قائدین کا یہ ہی حال ہوتا ہے جو شریف برادران کا ہوا ہے، ن لیگ کے کارکنان بھی شریف برادران کی طرز سیاست سے بیز ار ہوچکے ہیں ، نوازشریف کس جرم میں جیل گئے یہ سب کو علم ہے ۔