ٹاپ پرفارمر

ورلڈکپ کی تاریخ کے ٹاپ پرفارمر کی فہرست جاری،وسیم اکرم بھی شامل

اسلام آباد(آئی این پی)سابق قومی کپتان وسیم اکرم کو ورلڈ کپ کی تاریخ کے ٹاپ پرفارمر کی فہرست میں شامل کرلیا گیا۔ماضی کے عظیم فاسٹ بولر وسیم اکرم کو اب تک کے عالمی کپ میں ٹاپ بولرز کی فہرست میں آسٹریلیا کے شین وارن اور گلین میگرا اور سری لنکا کے مرلی دھرن کے ساتھ رکھا گیا ہے۔

پاکستانی فاسٹ بولر وسیم اکرم نے ورلڈ کپ 1992کے فائنل میں انگلینڈ کے خلاف غیر معمولی بولنگ کی اور گرین شرٹس کو پہلی بار عالمی چیمپئن بنانے میں اہم کردار ادا کیا، انہیں ورلڈ کپ کے دوران 55وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ایک مشہور ویب سائٹ کے مطابق اوپنر پوزیشن پر بھارت کے سچن ٹنڈولکر اور آسٹریلیا کے ایڈم گلگرسٹ جگہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔ 6ورلڈکپ میں 6سنچریوں کی مدد سے 2278رنز بنانے والے بھارتی سچن ٹنڈولکر نے 2003میں ورلڈکپ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز بھی حاصل کیا اور 2011میں وہ ورلڈ کپ جیتنے والی بھارتی ٹیم کا بھی حصہ تھے۔ آسٹریلیا کے ایڈم گلگرسٹ کو ورلڈ کپ 2007میں سری لنکا کے خلاف فائنل میں 149رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ مڈل آرڈر میں آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ، ویسٹ انڈیز کے ویون رچرڈز اور سری لنکا کے کمار سنگاکارا شامل ہیں۔ آل رانڈر ز میں بھارتی یووراج سنگھ اور جنوبی افریقہ کے لانس کلوزنر کو جگہ دی گئی ہے۔