آئی جی پنجاب

آئی جی پنجاب کی زیر صدارت سیف سٹی اتھارٹی ہیڈ کوارٹرز، قربان لائنز میں اعلی سطحی اجلاس

لاہور (لاہور نامہ) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر نے کہا ہے کہ

ای چالان کے تحت جاری کئے گئے چالانوں کی بروقت وصولی کیلئے

سیف سٹی اور ٹریفک پولیس لاہور اپنی کوارڈی نیشن کو مزید موثر بناتے

ہوئے کاروائیوں میں تیزی لائیں .

تاکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں میں کمی لائی جاسکے۔

انہوں نے مزیدکہا کہ جن موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کوایک یا اس سے زائد ای چالان جاری ہوچکے ہیں اور جنہوں نے یہ چالان ادا نہیں کئے سیف سٹی سٹاف ان کے متعلق ٹریفک پولیس کو آگاہ کریں.

تاکہ وارڈنز شاہرات پر ان موٹر سائیکل اور گاڑیوں کو روک کراور سلپ دے کر ان سے کاغذات لے لیں گے جسے مالکان چالان کی ادائیگی کے بعد شام پانچ بجے تک متعلقہ وارڈن کے ڈیوٹی پوائنٹ سے یہ کاغذات حاصل کرلیں جبکہ پانچ بجے کے بعد متعلقہ سیکٹرز سے یہ کاغذات بھی لئے جاسکتے ہیں۔

انہوں نے مزیدکہاکہ ڈولفن فورس کی کارکردگی اور مانیٹرنگ کو مزید بہتر کرنے کیلئے ایس پی ڈولفن سیف سٹی ہیڈ کوارٹر میں بیٹھیں اور ایل ٹی ای (LTE) فون ایپ کے ذریعے ڈولفن اہلکاروں کی پٹرولنگ لوکیشن، مشکوک افراد کی چیکنگ اور کالز کے رسپانس ٹائم کی موثر مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے مزیدکہاکہ پتنگ بازی اور ون ویلنگ کے مکمل خاتمے کیلئے شہریوں کی جانب سے شکایات کے ساتھ ساتھ سیف سٹی اپنے مانیٹرنگ کے نظام کو مزید فعال اور موثر بنائے تاکہ قانون شکنی کے مرتکب ملزمان کے گرد گھیرا تنگ کرکے انہیں پابند سلاسل کرنے کا عمل مزید تیز ہوسکے۔

انہوں نے مزیدکہاکہ ٹوٹی ہوئی اور غیر قانونی نمبر پلیٹ والی موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کے خلاف کاروائیوں کو مزید تیز کیاجائے اور تمام وارڈنز ٹریفک سگنلز اور چوکوں میں شاہرات سے گذرنے والی غیر قانونی نمبر پلیٹ والی موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کے خلاف کاروائی کیلئے بطور خاص نظر رکھیں۔

انہوں نے مزیدکہاکہ جن علاقوں میں موٹر سائیکل اور کار چوری کے زیادہ واقعات رونما ہوتے ہیں وہاں وارداتوں کے اوقات کار اورکرائم ہاٹ سپاٹ کی نشاندہی کرکے تفصیلات اے وی ایل ایس(AVLS)سٹاف کے ساتھ شئیر کی جائیں تاکہ اس تجزئیے کو مد نظر رکھتے ہوئے وارداتوں کی روک تھام کیلئے موثر حکمت عملی کے تحت کاروائیاں کی جاسکیں۔

انہوں نے مزیدکہاکہ جرائم کی روک تھام کے حوالے سے سیف سٹی میں کی گئی ریسرچ سٹڈی میں جرائم کا ہائی ٹائم اور مقامات کے متعلق تمام تفصیلات لاہور پولیس کے ساتھ شئیر کی جائیں تاکہ اسکے مطابق پٹرولنگ پلان مرتب کرنے کے ساتھ تھانوں میں اضافی وسائل اور نفری کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جاسکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سیف سٹی اتھارٹی ہیڈ کوارٹرز، قربان لائنز میں اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں حساس مقامات کی سیکیورٹی،ٹریفک قوانین کی پاسداری، پٹرولنگ و مانیٹرنگ سسٹم سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا گیا.