اسلام آباد (لاہورنامہ) وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ شریف خاندان کا ڈاکہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں، اپوزیشن نے 34 شقوں میں لکھا تھا کہ ایک ارب سے زائد کی کرپشن، کرپشن نہیں ہو گی،
نون لیگ کو بتانا چاہتا ہوں کہ کرپشن، کرپشن ہوتی ہے چاہیے ایک لاکھ کی ہو یا10 ارب روپے کی،، یہ احتساب کے حق میں نہیں ہمیشہ مک مکائو پر یقین رکھتے ہیں، یہ لوگ این آر او کے پیچھے چھپتے رہے، ان کی کرپشن پر لوگوں نے فلمیں بنائیں ۔
جمعرات کو وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے ملیکہ بخاری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کی طرف سے نیب قانون میں ترمیم کیلئے دی گئی 34شقیں نیب قانون کو اپاہج کرنے کیلئے تھیں جو ان کیلئے این آر او تھا، نیب قانون ترمیمی آرڈیننس پر تنقید کرنے والوں کو پروٹیکشن آف اکنامک ریفارمز ایکٹ 1992 پر شرمندہ ہونا چاہیے اور قوم سے معافی مانگنی چاہیے،
آپ کا حلف آپ کو اجازت نہیں دیتا کہ اختیارات کا ناجائز استعمال کر کے مال بنائیں، نون لیگ کے ہاتھ کرپشن سے رنگے ہیں اور ہمیں سکھاتے ہیں، یہ احتساب کے حق میں نہیں ہمیشہ مک مکائو پر یقین رکھتے ہیں، یہ لوگ این آر او کے پیچھے چھپتے رہے، ان کی کرپشن پر لوگوں نے فلمیں بنائیں، یہ لوگ سنجیدہ چہرہ بنا کر جھوٹ بولتے ہیں جیسے ان سے بڑا کوئی پارسا ہی نہیں، یہ کہتے ہیں کہ ہم سے مشاورت کریں،
شہباز شریف پر اربوں روپے کی ٹی ٹیوں کا کیس ہے، آپ سے مشاورت کا مطلب ہے آپ سے پوچھ کر آپ کا تفتیشی لگائیں، ہم آپ کی فرمائش پوری نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ نیب آرڈیننس کے ذریعے نیب قانون میں جامع ترامیم کی گئی ہیں، اس سے نیب کا نظام مزید فعال اور مضبوط ہو گا،اپوزیشن کو آٹا، چینی، تیل سکینڈل تو نظر آتا ہے، ان کی تفصیلات ہیں تو عدالت لے کر جائیں، باتیں کرنے سے کچھ نہیں ہوتا، یہ تاریخ کی نکمی اپوزیشن ہے، اس ملک میں سب سے زیادہ شوگر ملیں شریف خاندان نے لگائیں،
ملکی معیشت کو شریف خاندان نے تباہ کیا، باتیں نہ بنائیں عمران خان نے وزیراعظم بننے سے پہلے اپنی چالیس سالہ کمائی کا ثبوت دیا، آپ کی طرح کوئی جعلی قطری خط نہیں دیکھایا یا کیلیبری فونٹ کے ڈاکومنٹس نہیں بنائے، ان لوگوں کے ساتھ جھوٹ کی طویل داستان ہے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کی رہنما ملیکہ بخاری نے کہا کہ جو لوگ ہمیشہ این آر او چاہتے ہیں وہ ہر چیز کو این آر او کے زاویے سے ہی دیکھتے ہیں، اپوزیشن آرڈیننس کے مسودے کو پڑھے بغیر تنقید برائے تنقید کر رہی ہے،
یہاں کوئی اپنے آپ کو این آر او نہیں دے رہا، ہم نے نیب کا فورم تبدیل کیاہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس چوروں کو کوئی ایمنسٹی نہیں دی گئی، اس کی بھی تحقیقات کی جائیں گی، اپوزیشن کے پاس موقع ہے کہ عملی اپوزیشن کریں،آپ کو تنقید برائے تنقید کی عادت ہے،آپ انتخابی اصلاحات پر تنقید کرتے ہیں نیب کو کالا قانون کہتے ہیں آپ کے پاس دو تہائی اکثریت تھی اس کے باوجود آپ نے اسے تبدیل نہیں کیا،آپ تنقید برائے تنقید کرتے ہیں،
آپ صرف عوام کو گمراہ کر رہے ہیں،ضمانت کا عمل اعلیٰ عدلیہ کے فیصلے کی روشنی میں آپ جیسے ملزموں کیلئے آسان بنایا گیا ہے،آپ کو قانون کا علم ہی نہیں، کہتے ہیں کہ قانون شہادت تبدیل کر دیا،ہم نے صرف ثبوت حاصل کرنے کا طریقہ بتایا ہے، ویڈیو یا آڈیو ثبوت حاصل کر سکتے ہیں، قانون میں لکھا ہوا ہے کہ شہادت کیلئے ماڈرن ڈیوائسز کا استعمال کیا جائے،آپ کونسے دور میں رہتے ہیں، بتایا جائے اس میں کیسے قانون شہادت تبدیل ہو رہا ہے، ہم آسانی کیلئے جامع قانون لائے ہیں۔