نوازشریف کو اچانک سروسز ہسپتال سے کس جگہ منتقل کر دیا گیا ؟

لاہور : سابق وزیراعظم نوازشریف کو سروسز ہسپتال سے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کر دیا گیا ہے جو کہ بالکل ساتھ ہی واقع ہے ۔

تفصیلات کے مطابق نوازشریف کو پی آئی سی منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ اس موقع پر مریم نواز اور ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدان بھی ہمراہ ہیں ۔یاد رہے کہ آج صبح میڈیا میں یہ خبر آئی کہ نوازشریف کی میڈیکل رپورٹ میں گردے میں پتھری کی نشاندہی ہو ئی ہے ۔

چار روز قبل جیل حکام کی جانب سے محکمہ داخلہ پنجاب سے نوازشریف کو ہسپتال منتقل کرنے کیلئے اجازت طلب کی تھی تاہم حکومت کی جانب سے جواب مثبت آنے پر انہیں سروسز ہسپتال لایا گیا تھا ۔

سروسز ہسپتال منتقلی کے بعد نوازشریف کے مختلف ٹیسٹ کیے گئے ،سروسز اسپتال کی غازی علم دین شہید وارڈ میں نواز شریف کا سی ٹی سکین بھی کیا گیا۔طبی ماہرین کے مطابق نواز شریف کے گردے میں موجود پتھری لتھوٹرپسی سے نکالی جا سکتی ہے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف احتساب عدالت کی جانب سے العزیزیہ ریفرنس میں سنائی گئی 7 سال قید کی سزا کاٹ رہے ہیں۔