بچوں کو کوڈنگ سکھانے والی روبوٹ

کیلیفورنیا: 

امریکا میں سلیکن ویلی میں واقع ایک کمپنی نے لِٹل صوفیہ نامی روبوٹ بنایا ہے جو بچوں سے بات کرنے اور گانا گانے کےعلاوہ انہیں پروگرام کی زبان اور ہنر (کوڈنگ) بھی سکھاتا ہے اور بچے اسے دیکھ کر بہت خوش ہوتے ہیں۔

ہینسن روبوٹکس کے تیار کردہ اس روبوٹ کی اونچائی صرف 36 سینٹی میٹر ہے جس کےانسانی چہرے پر تاثرات بھی دیکھے جاسکتے ہیں۔ اس کے سر کی پشت شفاف بنائی گئی ہے جس میں برقی سرکٹ اور دیگر آلات دیکھے جاسکتے ہیں۔ ماہرین نے اسے ’تعلیمی ایلکسا‘ کا نام دیا ہے۔

اس ایجاد میں مکمل روبوٹ جیسے فنکشن رکھے گئے ہیں جن کی فہرست طویل ہے۔ یہ بچوں کو لطائف سناتی ہے، گنگناتی ہے، بات کرتی ہے اور گیمز کھیلتی ہے۔ اس سے بڑھ کر صوفیہ میں آگمینٹیڈ رئیلٹی کے فنکشن ہیں جس کی بدولت آپ اسے نئے کپڑے پہنانے سے قبل ہی اس کا روپ دیکھ سکتے ہیں۔

اسے ایک چھوٹی استانی بھی کہا جاسکتا ہے۔ آئی او ایس اور اینڈروئڈ ایپ کے ساتھ استعمال کرنے سے پائتھن اور بلوکلی زبان میں پروگرامنگ سیکھی جاسکتی ہے۔ صوفیہ کو 7 سے 13 سال تک کے بچوں بالخصوص لڑکیوں کے لیے بنایا گیا ہے تاکہ ان میں سائنس، ٹیکنالوجی ، ریاضی اور انجینئرنگ کا شعور اجاگر کیا جاسکے۔

واضح رہے کہ یہ ایک کِک اسٹارٹر ایجاد ہے جس نے صرف 59 دنوں میں 75 ہزار ڈالر کی فنڈنگ حاصل کرلی جو ہدف کے مقابلے میں آدھی ہے۔ اس روبوٹ کی قیمت 99 ڈالر ہے جو جلد بکنگ کرنے والے افراد حاصل کرسکتے ہیں اور بعد میں اس کی قیمت 149 ڈالر تک جاپہنچے گی۔