لاہور (آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے دورہ سے پاکستان اور امریکہ میں تعلقات کی نئی راہیں کھلیں گی،پاکستان نے اس دورے سے معاشی فوائد حاصل کرنے کی پیشگی منصوبہ بندی کر رکھی ہے ،اپوزیشن اپنی کرپشن پر چاہے یوم ندامت منا لے عوام انہیں مسترد کر چکے ہیں ۔ مقامی ہوٹل میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اپنے وژن اور محنت سے انتہائی کم عرصے میں جتنی کامیابیاں سمیٹی ہیں اس سے ماضی کے تجربہ کار حکمرانوں کو اپنی سیاست ہمیشہ کیلئے تاریک ہوتی ہوئی نظر آرہی ہے ۔
خیبر پختوانخواہ میں گڈ گورننس کی وجہ سے پنجاب میں کامیابی ملی انشا اللہ آئندہ عام انتخابات میں سندھ سے پیپلز پارٹی کا مکمل صفایا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن وزیر اعظم عمران خان کے بغض میں اندھی ہو چکی ہے ،تعصب کی عینک اتار کر دیکھیں تو انہیں آگے بڑھتا ہوا پاکستان نظر آجائے گا۔وزیر اعظم عمران خان ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہیں اور مستند قومی اور عالمی ادارے بھی ان کی عملی اور موثر کاوشوں کے معترف ہیں ،اپوزیشن واویلا چھوڑ کر پانچ سال انتظار کرے اس کے بعد انتخابی میدان میں مقابلہ ہوگا۔قبائلی اضلاع میں ہونے والے انتخابات میں پی ٹی آئی کی کامیابی عوام کا حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار ہے ۔