آکلینڈ : نیوزی لینڈ اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ جمعہ کو آکلینڈ میں کھیلا جائے گا۔ میزبان ٹیم کو بھارت کے خلاف تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے۔ کیویز نے بھارت کو پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں 80 رنز سے شکست دی تھی۔ میزبان ٹیم ٹی ٹونٹی سیریز جیت کر ون ڈے سیریز میں شکست کا بدلہ چکانے کیلئے بے تاب ہے جبکہ دوسری جانب بھارتی ٹیم پہلے میچ میں شکست کے باوجود میزبان ٹیم کے خلاف دوسرے میچ میں شاندار کم بیک کرنے کے لئے پر امید ہے۔ اسلئے دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلے کا امکان ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹی ٹونٹی میچ 8 فروری جبکہ تیسرا اور آخری میچ 10 فروری کو کھیلا جائے گا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل کھیلی گئی ون ڈے سیریز میں بھارت نے کیویز کو 4-1 سے شکست فاش سے دوچار کیا تھا۔
