واشنگٹن: دماغ کو بڑھتی عمر کے ساتھ خطرناک امراض سے بچانے کیلئے نیند پوری کرنا سود مند ہے، یہ بات ایک نئی امریکی طبی تحقیق میں سامنے آئی ہے۔
واشنگٹن یونیورسٹی سکول آف میڈیسن کی تحقیق میں بتایا گیا کہ نیند کی کمی دماغ میں زہریلے مواد کے اجتماع کا عمل تیز کر دیتی ہے جو دماغی تنزلی کا باعث بننے والے مرض ڈیمینشیا کا باعث بنتا ہے۔
ایک رات کی خراب نیند اور الزائمر امراض کے درمیان تعلق دریافت ہو چکا ہے مگر اب تک یہ معلوم نہیں تھا کہ نیند کی کمی اس مرض کا باعث کیوں بنتی ہے۔ تحقیق کے مطابق انسانی دماغ کو دن بھر کے تناؤ کے اثر سے نکلنے کیلئے وقت درکار ہوتا ہے جو اسے نیند کے دوران ملتا ہے۔