وزارت خزانہ کے گریڈ ایک تا 16 کے ملازمین سمارٹ موبائل فونز کے استعمال پر پابندی عائد

اسلام آباد:وزارت خزانہ کے گریڈ ایک سے گریڈ 16 کے ملازمین پر دفتر کی حدود میں سمارٹ موبائل فونز کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی ہے ۔فنانس ڈویژن ایم آر ایم ونگ کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق انٹیلی جنس بیورو (آئی بی ) کی جانب سے اس ڈویژن کا حالیہ سالانہ سیکورٹی معائنہ کیا گیا اور سیکورٹی انتظامات میں بہتری کیلئے چند اقدامات کرنے کی سفارش کی گئی ہے جس کے تحت گریڈ ایک سے گریڈ 16 کے ملازمین پر دفتر کی حدود میں سمارٹ موبائل فونز کے استعمال پر پابندی ہوگی۔ ڈویژن کے گریڈ ایک تا 16تمام ملازمین سے استدعا کی جاتی ہے کہ انٹیلی جنس بیورو کی ہدایات پر اس کی روح کے مطابق عملدرآمد کیا جائے ،کسی بھی ملازم کی جانب سے خلاف ورزی کی صورت میں گورنمنٹ سروس (ایفیشنسی اینڈ ڈسپلن )رولز 1973 کے مطابق کارروائی کی جائے گی ۔