انضمام ،محمد یوسف اور یونس کی طرح ورلڈ کلاس پلیئر بننے کی بھرپور صلاحیت ہے، سابق کپتان

لاہور:سابق قومی کپتان راشد لطیف نے بابر اعظم کو مستقبل کا بڑا پاکستانی بیٹسمین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ انضمام الحق،محمد یوسف اور یونس خان کی طرح ورلڈ کلاس پلیئر بننے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں کیونکہ ان میں اس مقام تک پہنچنے کی اہلیت واضح طور پر نظر آ رہی ہے۔راشد لطیف کا کہنا تھا کہ بابر اعظم گزشتہ برس سے ہی بہترین کھیل کا مظاہرہ کر رہے ہیں جب انہوں نے ٹی ٹونٹی کرکٹ میں تیز ترین ایک ہزار رنز بنا کر بھارتی کپتان ویرات کوہلی کا ریکارڈ توڑا تھا لیکن جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے بعد انہیں پہلی مرتبہ یہ محسوس ہوا کہ ان میں ورلڈ کلاس پلیئر بننے والی تمام تر خصوصیات موجود ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اگر بابر اعظم نے آنے والے عرصے میں بھی اپنے کھیل کا معیار اسی طرح قائم رکھا تو وہ باآسانی انضمام الحق،محمد یوسف اور یونس خان جیسے بلند قامت بیٹسمینوں کی صف میں بھی شامل ہو سکتے ہیں۔راشد لطیف کا یہ بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا جب پاکستانی ٹیم کو تینوں طرز کی کرکٹ میں ناکامی سے دوچار ہونا پڑا تاہم اسی دوران بابر اعظم واحد کھلاڑی تھے جنہوں نے تینوں فارمیٹس کی کرکٹ میں بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی افریقی ماہرین کی جانب سے بھی داد سمیٹی۔نوجوان پاکستانی بیٹسمین نے ٹیسٹ سیریز میں دو نصف سنچریوں کی مدد سے 221 رنز بنائے اور ون ڈے سیریز میں بھی ایک نصف سنچری کی مدد سے 195 جب کہ ٹی ٹونٹی سیریز میں بھی 151 رنز سکور کئے جس میں ان کی ایک نصف سنچری شامل تھی۔