گورننس ماڈل کو بہتر بنانے والی اصلاحات لا نے کی کوشش ہے،وزیر خارجہ

اسلام آباد:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہماری کوشش ہے کہ ایسی اصلاحات لائی جائیں جس سے گورننس ماڈل کو بہتر کرسکیں، آئی ایم ایف سے بات چیت چل رہی ہے ، کوشش ہے کہ اگر آئی ایم ایف پروگرام کی طرف بڑھیں تو ایسی شرائط پر آگے بڑھیں جو پاکستان کے مفاد میں ہو۔ اتوار کو یو اے ای کے دورے سے قبل سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بہت سارے مسائل نے ناقص حکمرانی اور بیڈ گورننس کی وجہ سے جنم لیا ، ہماری کوشش ہے کہ ایسی اصلاحات لائی جائیں جس سے گورننس ماڈل کو بہتر کرسکیں اور اداروں کی اصلاح کر سکیں تاکہ ان کی کارکردگی بہتر ہو۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے بات چیت چل رہی ہے ، پاکستان کی کوشش ہے کہ اگر آئی ایم ایف پروگرام کی طرف بڑھیں تو ایسی شرائط پر آگے بڑھیں جو پاکستان کے مفاد میں ہو اور ایسا بوجھ لوگوں پر نہ پڑے جو وہ اٹھا نہ سکیں ۔