بی آر ٹی منصوبہ کا افتتاح

وزیر اعظم عمران خان بی آر ٹی منصوبہ کا افتتاح 13 اگست کو کریں گے

اسلام آباد (لاہورنامہ) وزیر اعظم 80 ارب سے زائد لاگت کے بی آر ٹی منصوبہ کا افتتاح 13 اگست کو کریں گے.

حکومت قبل ازیں 9 بار افتتاح کی تاریخ کا اعلان کر چکی ہے‘

6 ماہ میں منصوبہ مکمل کرنے کے دعویٰ کے برعکس بی آر ٹی اڑھائی سال میں بھی مکمل نہیں ہو سکا‘

بی آر ٹی بسوں میں سفر کرنے کے لیے شہریوں میں سفری کارڈز کی تقسیم بھی شروع کر دی گئی‘

وزیراعظم عمران خان 13 اگست کو بی آر ٹی پشاور کا افتتاح کریں گے اور ان کے ہمراہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان بھی ہوں گے۔

وزیراعظم عمران خان کو بی آر ٹی پشاور سے متعلق بریفنگ بھی دی جائے گی۔

اس قبل وزیراعظم نے جون 2020 میں پشاور بس ریپڈ منصوبے کا فیتہ کاٹنا تھا لیکن کورونا وائرس کے سبب تاخیر ہوئی۔

حکومت نے بی آر ٹی منصوبے کو 49 ارب روپے کی لاگت سے 6 ماہ میں مکمل کرنے کا دعویٰ کیا تھا تاہم 80 ارب سے زائد رقم خرچ ہونے کے بعد اڑھائی سال سے زائد عرصے میں بھی اس منصوبہ کا افتتاح نہیں کیا جا سکا۔

پشاور ہائی کورٹ نے بی آر ٹی منصوبے کے بارے میں دائر پیٹیشن پر تفصیلی فیصلہ جاری کیا تھا جس میں ایف آئی اے سے کہا گیا کہ وہ 45 روز میں اس منصوبے کی انکوائری مکمل کرے اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی عمل میں لائے۔
بی آر ٹی منصوبے میں منصوبہ بندی کے فقدان کے باعث بار بار جو تبدیلیاں کی گئیں ان سے نہ صرف منصوبہ تاخیر کا شکار ہوا بلکہ منصو بے کی لاگت بھی بڑھ گئی ہے۔