بیل آﺅٹ پیکیج کیلئے آئی ایم ایف کا بجلی گیس مہنگی کرنے کا مطالبہ تشویشناک ہے‘میاں خرم الیاس

لاہور:چیئرمین لاہور ٹاﺅن شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن میاں خرم الیاس نے عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کا بیل آﺅٹ پیکیج کے لیے پاکستان سے بجلی گیس مہنگی کرنے کے مطالبہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے بیل آﺅٹ پیکیج سے قبل ہی ملک میں بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرکے انڈسٹریز پر اضافی بو جھ ڈال دیا گیا ہے ،صنعتی شعبہ میں بجلی و گیس مہنگی ہونے کے سبب اس کی پیداواری لاگت بڑھنے سے اشیاءکی قیمتوں میں اضافہ سے ملکی برآمدات متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی اور ملک میں ہوشربا مہنگائی جنم لے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے سینئر وائس چیئرمین حافظ عمران حمید، وائس چیئرمین مہوش احمد کے ساتھ ٹاﺅن شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میاں خرم الیاس نے کہا کہ سعودی عرب متحدہ عرب امارات اسلامی ممالک اور چین سے مالیاتی پیکیج کے بعد آئی ایم ایف کو ہمیشہ کیلئے خیر باد کہہ دیا جائے کیونکہ اس سے قرضوں کے عوض ان کی شرائط پر پر عملدرآمد کرتے ہوئے ملک میں نئے ٹیکس اور بجلی و گیس مہنگی کرنے سے عوام اور صنعتی شعبہ متاثرہوتا ہے انہوںنے کہا کہ آئی ایم ایف سے قرضوں کے عوض ملکی مفادات کا ملحوظ خاطر رکھا جائے اور ٹیکسوں،بجلی گیس کی قیمتوں میں اضافہ اور مہنگائی سے گریز کیا جائے۔انہوںنے کہا کہ حکومت ٹیکس نیٹ میں اضافہ کیلئے اقدامات کرے اور پہلے سے ٹیکس دہندگان پر ٹیکسوں کے بوجھ میں کمی کرے ٹیکس نیٹ میں اضافہ سے ٹیکس دہندگان پر بھی ٹیکسوں کے بوجھ میں کمی ہوگی اور حکومتی ریونیو میں اضافہ ہوگا۔