ہائیکورٹ نے توہین عدالت کی درخواست پر سی سی پی او لاہور سے 26فروری کو جواب طلب کرلیا

لاہور : لاہور ہائیکورٹ نے توہین عدالت کی درخواست پر سی سی پی او لاہور سے 26فروری کو جواب طلب کرلیا۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مسٹر جسٹس سردار محمد شمیم خان نے عمران لطیف کی درخواست پر سماعت کی ۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ تھانہ شالیمار کی حدود میں حقیقی بھائی محمد عمر کو قتل کر دیا گیا تھا، شالیمار پولیس کے مقدمہ نہ درج کرنے پر عدالت عالیہ سے رجوع کیا تھا، عدالت عالیہ نے سی سی پی او لاہور کو درخواست پر قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا مگر عدالتی حکم کو تین سال سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے اور داد رسی نہیں ہو رہی ہے۔ معزز عدالت سے استدعا ہے کہ سی سی پی او لاہور کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کا حکم دیا جائے ۔جس پر عدالت نے عمران لطیف کی درخواست سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے 26فروری کو جواب طلب کرلیا ۔