ایم ایس سی ٹیکسٹائل ملز کی جائیداد نیلامی کی درخواست ، سابق وفاقی وزیر مشتاق علی کی جائیداد کی رپورٹ طلب

لاہور :لاہور ہائیکورٹ نے سابق وفاقی وزیر مشتاق علی چیمہ کی ایم ایس سی ٹیکسٹائل ملز کی جائیداد نیلامی کی درخواست پر کورٹ آکشنرز سے بنک الفلاح کے ڈیفالٹر سابق وفاقی وزیر ٹیکسٹائل کی جائیداد کی تخمینہ رپورٹ طلب کر لی۔ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس شاہد کریم نے بنک الفلاح کی ڈیفالٹر کی جائیداد نیلامی کی درخواست پر سماعت کی۔وکیل بنک الفلاح نے بتایا کہ سابق وفاقی وزیر ٹیکسٹائل انڈسٹریز مشتاق علی چیمہ نے ایم ایس سی ٹیکسٹائل کیلئے قرض حاصل کیا، مشتاق علی چیمہ نے قرض کیلئے جڑانوالہ روڈ پر واقع 175 مرلے کا مکان رہن رکھوایا، ایم ایس سی ٹیکسٹائل کے مالک نے طے شدہ مدت میں قرض کی رقم ادا نہیں کی، قرض کی عدم ادائیگی پر سابق وفاقی وزیر کیخلاف 10 کروڑ 9 لاکھ 80 ہزار 341 کی ڈگری جاری ہو چکی ہے۔ معزز عدالت سے استدعا ہے کہ قرض کی ریکوری کیلئے ڈیفالٹر مشتاق علی چیمہ کی رہن رکھوائی گئی جائیداد نیلامی کا حکم دیا جائے۔ جس پر فاضل عدالت نے کورٹ آکشنرز سے بنک الفلاح کے ڈیفالٹر سابق وفاقی وزیر ٹیکسٹائل کی جائیداد کی تخمینہ رپورٹ طلب کر لی۔