برآمدت کو فروغ دینے کیلئے حکومت علاقائی تجارت پرزیادہ توجہ دے، احمد حسن مغل

اسلام آباد: اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل نے کہا کہ برآمدات کو فروغ دینے کیلئے حکومت علاقائی تجارت کو بہتر کرنے پر زیادہ توجہ دے اور ان تمام رکاوٹوں کو دور کرنے کی کوشش کرے جو علاقائی تجارت کو فروغ دینے کیلئے نجی شعبے کی راہ میں حائل ہیں۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان کی علاقائی ممالک کے ساتھ تجارت اس کی کل تجارت کا صرف 8فیصد ہے جو حوصلہ افزاءنہیں ہے کیونکہ بہتر کوششیں کر کے پاکستان خطے کے ممالک کے ساتھ تجارت میں کئی گنا اضافہ کر سکتا ہے۔ احمد حسن مغل نے کہا کہ جنوبی ایشیائی خطے کے ممالک کی آپس کی تجارت ان کی کل تجارت کا صرف پانچ فیصد ہے جو مایوس کن ہے جبکہ اس کے برعکس مشرقی ایشیاءاور پیسیفک ممالک کی آپس کی تجارت ان کی کل تجارت کا تقریبا پچاس فیصد ہے جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ دنیا کے ممالک علاقائی تجارت کو کتنی زیادہ اہمیت دیتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ علاقائی تجارت کو فروغ دینے سے پاکستان کی معیشت کو متعدد فوائد حاصل ہوں گے کیونکہ اس سے برآمدات میں اضافہ ہو گا،کاروباری سرگرمیوں کے فروغ پانے سے روزگار کے بے شمار نئے مواقع پیدا ہوں گے اور ملک خوشحالی کی طرف پیش رفت کرے گا لہذا انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ علاقائی تجارت کی راہ میں حائل تمام مشکلات کو دور کرنے کیلئے بھرپور کوشش کرے اور اس سلسلے میں ٹیرف و نان ٹیرف رکاوٹوں کو ختم کرنے کیلئے مضبوط اقدامات اٹھائے ۔