ڈاکٹر شہباز گل

اپوزیشن اتحاد کی 11 جماعتوں کے پیچھے بھارت ہے ،ڈاکٹر شہباز گل

گوجرانوالہ (لاہورنامہ) وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ اپوزیشن اتحاد میں شامل 11 جماعتوں کے پیچھے ہندوستان ہے، عوام اپوزیشن کی باتوں میں نہیں آئیں گے،

بلاول بھٹو پتہ نہیں آکسفورڈ میں کیا پڑھتے رہے کہ انہیں پاکستانی تاریخ کا معلوم ہی نہیں ہے،

پیٹرولیم ڈویژن نے ماضی میں خرم دستگیر کو پیٹرول پمپ کیلئے جعلی این او سی دیا تھا،

خرم دستگیر آپ نے جو لوٹ مار کی ہے اس کا حساب لیا جائے گا ۔

شہباز گل نے کہا کہ دو دن پہلے لوگوں نے گوجرانوالہ میں سرکس دیکھا جس میں اپنا مال بچانے کیلئے نامناسب باتیں کی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ خرم دستگیر کے والد نے چڑیا گھر کی زمین بھی اپنوں کو دلائی۔ انہوں نے کہاکہ نواز شریف آپ کے بھائی نے بھی نوکروں کے نام پر اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کی ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ ہماری آرمی ہے تو ہم ہیں۔ پاک فوج شہادتیں دے رہی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ بھارت یہی چاہتا ہے کہ افواج پاکستان کو نشانہ بنایا جائے۔

نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے شہباز گل نے کہا کہ لوگ آپ کے لندن میں تیار کردہ ملک دشمن بیانیے کے ساتھ کھڑے نہیں ہو سکتے اور ہمیں نہیں معلوم تھا کہ لندن میں بیٹھے نواز شریف اتنے بزدل ہیں.

جنہوں نے ہمیشہ عوام کا پیسہ لوٹا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی اخباروں میں نواز شریف کی ہیڈلائنز لگ رہی ہیں،

اپوزیشن اتحاد میں شامل تمام جماعتیں اپنے مفاد کیلئے اکٹھی ہوئی ہیں اور ان 11 جماعتوں کے پیچھے ہندوستان ہے۔