پاکستان نے ہمارے ساتھ کرکٹ کھیلنی ہے تو تعلقات بہتر ، دشمنی ختم کرے ،بھارتی کرکٹ بورڈ

ممبئی: بھارت نے پاکستان سے کرکٹ تعلقات کی بحالی کو دشمنی کے خاتمے سے مشروط کردیا۔ایم ڈی پاکستان کرکٹ بورڈ وسیم خان نے اپنی ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ ہمیں خود کو اس مقام پر پہنچانا چاہیے جہاں بھارت خود کھیلنے کی درخواست کرے۔ اس پر بی سی سی آئی کے ایک آفیشل نے ایک بھارتی اخبار سے گفتگو میں کہاکہ اگر دشمنی ختم اورسیاسی تعلقات میں بہتری آئے تو ہمیں پاکستان کے ساتھ کھیلنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے،ایک بار اگر حالات معمول پر آجائیں تو کسی کو بھی کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔انھوں نے کہا کہ موجودہ چیئرمین پی سی بی احسان مانی 2گزشتہ سربراہان سے مختلف مگر وہ بھی حالات کے ہاتھوں مجبور ہیں، ہمارے کرکٹ تعلقات کا انحصار سیاسی کشیدگی اور دشمنی کے خاتمے پر ہے۔ادھر ایک اور بھارتی آفیشل نے وسیم خان کے بیان کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا کہ انھیں باہمی کرکٹ پر بات کرنے سے قبل پی سی بی کی پوزیشن کے بارے میں سوچنے کی ضرورت ہے،اس بات کو بھی سمجھنا ہوگا کہ انھیں پہلے خود کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔