نوکیا فونز فروخت کرنے کا لائسنس رکھنے والی کمپنی ایچ ایم ڈی گلوبل ممکنہ طور پر رواں ماہ دنیا کا پہلا 5 بیک کیمروں والا فون متعارف کرانے والی ہے۔
نوکیا 9 پیور ویو کو بارسلونا میں شیڈول موبائل ورلڈ کانگریس کے موقع پر پیش کیے جانے کا امکان ہے، جس کی تصاویر پہلے ہی سامنے آچکی ہیں۔
مگر اب گوگل اور امریکا کے فیڈرل کمیونیکشنز کمیشن (ایف سی سی) جیسے اداروں نے اس فون کے تمام تر فیچر لیک کردیئے ہیں اور یہ بھی ثابت کردیا ہے کہ یہ فون واقعی موجود ہے اور متعارف ہونے والا ہے۔
گوگل نے غلطی سے نوکیا 9 کو اپنی اینڈرائیڈ انٹرپرائز ڈیوائس سائٹ میں شال کردیا تھا جسے بعد میں ہٹا دیا گیا۔
مگر انٹرنیٹ صارفین نے اس کے اسکرین شاٹ اور تفصیلات محفوظ کرلیں اور یہ نوکیا کا اب تک کا سب سے دلچسپ فون ثابت ہونے والا ہے۔
گوگل کی سائٹ پر درج تفصیلات کے مطابق نوکیا 9 میں 6 انچ ڈسپلے دیا جائے گا جبکہ 4 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج (ممکنہ طور پر زیادہ ریم اور اسٹوریج والا ورژن بھی ہوگا) اور اینڈرائیڈ 9 آپریٹنگ سسٹم دیا جائے گا۔
اس فون میں بیزل کم کیے گئے ہیں مگر پھر بھی اوپر اور نیچے بیزل موجود ہیں مگر نوچ نہیں دیا جارہا ہے۔
ماضی میں سامنے آنے والی تفصیلات کے مطابق اس فون میں فنگرپرنٹ سنسر اسکرین کے اندر نصب ہوگا تاہم گوگل کی تفصیلات میں اس بارے میں کچھ واضح نہیں کیا گیا۔
ایف سی سی نے بھی فون کے خاکے کو اپنی ویب سائٹ میں جاری کیا جس میں 5 کیمرے دیکھے جاسکتے ہیں مگر فنگرپرنٹ سنسر کی کوئی جگہ نہیں، جو کہ ممکنہ طور پر اسکرین کے اندر ہی ہوگا۔
اس فون کی خاص بات اس کے 5 کیمروں کا سیٹ اپ ہوگا جو پہلی بار کسی اسمارٹ فون میں نظر آئے گا۔
سام سنگ نے کچھ ماہ پہلے 4 بیک کیمروں والا فون متعارف کرایا تھا مگر نوکیا 5 بیک کیمروں کے ساتھ یہ ریکارڈ توڑنے کے قریب ہے۔