لاہور (لاہورنامہ)تر جمان پنجاب حکومت ڈاکٹر شاہد صد یق نے کہ ہے کہ مافیا کو پہلی مرتبہ عمران خان نے کٹہرے میں کھڑا کر دیا ہے،عمران خان نے مافیاز کیخلاف جس جہاد کا اعلان کیا ہے اس پر پوری قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے،
ملک سے مفرور اور عوام سے مسترد شدہ پی ڈی ایم ٹولہ بدترین انجام تک پہنچ چکا۔انہو ں نے کہاکہ پی ٹی آئی کی حکومت عوام کے گراس روٹ لیول کے مسائل کے حل کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے اس میں کسی قسم کی کوتاہی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائیگی۔
انہو ں نے کہاکہ عوام کے ووٹوں سے برسراقتدارآنیوالے وزیر اعظم عمران خان پوری ایمانداری کیساتھ ملک وقوم کی ترقی وخوشحالی کیلئے کام کر رہے ہیں، حکومت کی کامیاب پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں معاشی استحکام آرہا ہے.
وزیراعظم عمران خان اورانکی ٹیم نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کردیا ہے معیشت کی مضبوطی کا اعتراف ورلڈ بنک سمیت بین الاقوامی مالیاتی ادارے بھی کرچکے ہیں۔
انہو ں نے کہاکہ سابقہ ادوار میں کرپشن اور بدعنوانی کے ذریعے پاکستان کواربوں ڈالر کا مقروض کرنیوالی اپوزیشن آج اپنی سیاسی دکانداری چکانے کیلئے حکومت کی پالیسیوں کو بلاوجہ تنقید کا نشانہ بنارہی ہے۔