اسلام آباد:چیئرمین نیب جاوید اقبال نے ڈائریکٹر آرکیالوجی و میوزیم ڈاکٹر عبدالصمد گرفتاری کا نوٹس لیتے ہوئے پیر کے روز ہیڈ کوارٹر میں متعلقہ ریکارڈ سمیت پیش کرنے کی ہدایت کردی۔
نیب اسلام آباد کے مطابق چیئرمین جاوید اقبال نے ڈاکٹر عبدالصمد کی گرفتاری کا سخت ایکشن لیتے ہوئے ڈی جی نیب خیبر پختونخوا کو ڈاکٹر عبدالصمد کو ہر صورت میں نیب ہیڈ کوارٹر میں پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ چیئرمین کی جانب سے متعلقہ ریکارڈ اور ان پر لگائے گئے مبینہ الزامات کی تفصیلات بھی پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ چیئرمین جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ ڈائریکٹر آرکیالوجی و میوزیم کی قومی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور آئین و قانون کے مطابق انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں گے۔
نیب خیبرپختونخوا کے مطابق عبدالصمد نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے مختلف آرکیالوجی سائٹس پر غیر قانونی بھرتیاں کیں جس کے بعد انہیں گرفتار کیا گیا، گرفتاری کے بعد انہیں گزشتہ روز احتساب عدالت میں ہتھکڑیاں لگا کر لایا گیا۔ عدالت نے انہیں 10 روزہ ریمانڈ پر نیب کے سپرد کر دیا ہے۔ ڈاکٹر عبد الصمد کا عدالت میں کہنا تھا کہ الزامات بے بنیاد ہیں، ثابت نہ ہونے پر نیب افسران کے خلاف کارروائی کی جائے۔
یاد رہے وزیر اعظم عمران خان نے اپنے ٹوئٹ میں ڈائریکٹر محکمہ آثار قدیمہ و میوزیم ڈاکٹر عبدالصمد کو ہتھکڑیاں لگا کر عدالت میں پیش کرنے پر اظہار ناراضی کیا اور کہا کہ چیئرمین نیب کو اپنے ادارے میں اس شرمناک حرکت کے ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے۔
Load/Hide Comments