کراچی:پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن میں خفیہ ڈپلومیسی کا آغاز ہو گیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل جی این این نیوز نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دورہ کراچی کے دوران پیر کی رات کو سابق صدر مملکت حسین سے اڑھائی گھنٹے ملاقات کی، ذرائع کے مطابق ڈاکٹرعارف علوی نے سابق صدر ممنون حسین کے گھر جا کر ملاقات کی جو تقریباًاڑھائی گھنٹے جاری رہی ۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سابق صدر ممنون حسین سے ڈیڑھ گھنٹہ ون ٹوون ملاقات بھی کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ آئینی مسائل ،صدر کے اختیارات اور 18 ویں ترمیم پر بھی گفتگو کی گئی۔
نجی ٹی وی کے مطابق تحریک انصاف اور ن لیگ میں خفیہ ڈپلومیسی کا آغاز ہو گیا ہے ،صدرمملکت نے دورہ کراچی کے دوران پیپلزپارٹی، ایم کیو ایم اور دیگر جماعتوں کے رہنماﺅں سے ملاقاتیں کیں ،صدر مملکت نے سابق صدر ممنون حسین کے گھر جا کر بھی ملاقات کی جو تقریباًاڑھائی گھنٹے جاری رہی،ڈاکٹر عارف علوی نے ممنون حسین کو اپنے گھر آنے کی دعوت بھی دی ،عارف علوی نے ممنون حسین کیساتھ رات کا کھانا بھی کھایااس موقع پر دونوں رہنماﺅں کی بیگمات بھی موجود تھیں ۔
نجی ٹی وی کا کہنا ہے کہ صدر مملکت کی تمام ملاقاتوں کی تفصیل جاری کی گئی ہے لیکن اس موقع کو خفیہ رکھا جا رہاہے ،سیاسی پنڈتوں کا کہنا ہے کہ اس ملاقات کو خفیہ رکھنے کا بہت معنی خیز مقصد ہے ،ان کا کہنا ہے کہ ایسے حالات میں ملاقات کو خفیہ رکھا جا رہا ہے جب ملک میں ڈیل اور ڈھیل کی باتیں ہو رہی ہے ۔
ان کا کہناتھا کہ دونوں صدرو اپنی اپنی قیادت کے بہت قریب سمجھے جاتے ہیں ،یہ ملاقات آنے والے وقت میں ملکی سیاسی منظر میں اہم کردار اداکرے گی ،نجی ٹی وی ذرائع کا کہنا ہے جب صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کراچی آئیں گے تو ممنون حسین بھی ان کے گھر جاکر ملاقات کریں گے۔