انصر مجید خان

نبی کریم حضرت محمد ۖ خاتم النبینۖ اور رحمت اللعالمینۖ ہیں،انصر مجید خان

سرگودہا(لاہورنامہ)صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت انصر مجید خان نے کہا کہ نبی کریم حضرت محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم خاتم النبینۖ اور رحمت اللعالمینۖ ہیں۔

اللہ تعالیٰ نے حضرت محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم کو تا قیامت تمام انسانو ں کی رہنمائی اور کامیابی کیلئے مبعوث فرمایا۔حضرت محمدصلی اللہ علیہ والہ وسلم کی نبوت اہل ایمان کیلئے اللہ تعالیٰ کا بہت بڑا احسان ہے۔زرائع کے مطابق شہر کی مرکزی جامع مسجد گول چوک میں 17ویں سالانہ انٹرنیشنل عظمت صحابہ و ختم نبوت کانفرنس سے صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت انصر مجید خان نیازی اور علماء کرام نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ رسول اللہ سے محبت ہر مسلمان کے ایمان کا لازمی جزو ہے۔

حضرت محمدۖ سے محبت کا عملی تقاضا ان کی سیرت مبارکہ اور احکامات کی پیروی کا متقاضی ہے۔ مقررین نے کہا کہ حضرت محمدۖ نے جہالت کے اندھیروں میں ڈوبی انسانیت کو ایمان کی روشنی میں لا کھڑا کیا۔نبی کریمۖ کی ولادت کی گھڑیاں انسانی تاریخ کی روشن ترین آگاہی ہیں۔ حضرت محمدۖکی تعلیمات سے مساوات کا دور شروع ہوا۔آپۖ کی آمد سے انسانیت پر علم و عرفان اور آگاہی کے در کھل گئے۔عالم اسلام کو درپیش مسائل کا حل سیرت النبیۖ میں پنہاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ حضورکریمۖ نے مختصر مدت میں مثالی سماجی اور معاشی نظام دیا جو پوری دنیا کیلئے مشعل راہ ہے۔نبی آخرالزماںۖ نے امن’اخوت’احترام انسانیت’مساوات’عفوودرگزراور عدل و انصاف کا درس دیا۔ حضوراکرمۖ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کرمعاشرے سے ظلم ‘زیادتی’ناانصافی اوربدامنی کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔اس کانفرنس کے شاندار انعقاد پر قاری احمد علی ندیم،ملک ضیاء الحق نے علماء کرام کی خدمات کو سراہتے ہوئے سیرت طیبہۖ پر خطاب کیا۔