،حماد اظہر

پٹرول کی قیمت میں 9 روپے کا اضافہ،ناجائز مطالبات نہیں مانیں گے ،حماد اظہر

اسلام آباد (لاہورنامہ) وفاقی وزیرتوانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ جائز مطالبات مانیں گے لیکن ناجائز مطالبات تسلیم نہیں کریں گے، پٹرول پمپس کی ہڑتال کی آڑ میں کچھ گروپس 9 روپے کا اضافہ کروانا چاہتے ہیں، چند کمپنیوں کو نوازنے کے لئے 9 روپے کا اضافہ نہیں کیا جا سکتا۔

جمعرات کو اپنے بیان میں وفاقی وزیر حماد اظہرکا کہنا تھا کہ پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطالبے پر مارجن میں اضافے کی سمری پہلے ہی ای سی سی میں پیش کر دی گئی ہے۔آئندہ اجلاس میں اس کا فیصلہ بھی ہو جائے گا لیکن جائز مطالبات تسلیم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول پمپ مالکان کی مشکلات کا احساس ہے لیکن پٹرول پمپ مالکان بھی عوام کی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے اپنے فیصلے پر نظرثانی کریں۔