لاہور( لاہورنامہ)انسداد منشیات کی خصوصی عدالت نے مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ سمیت دیگر کے خلاف منشیات برآمدگی کیس کی سماعت 22جنوری تک ملتوی کر دی ۔
رانا ثنااللہ سمیت دیگر ملزمان نے عدالت میں پیش ہوکر حاضری مکمل کروائی۔ طبیعت ناساز ہونے کے باعث فاضل جج نے کیس کی سماعت اپنے چیمبر میں کی۔ پراسکیوشن نے کیس کی سماعت ملتوی کرنے کی درخواست دی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ مصروفیت کی وجہ سے عدالت پیش نہیں ہو سکتے، استدعا ہے عدالت کیس کی سماعت ملتوی کرے۔
عدالت نے پراسیکیوشن کی مصروفیت کے باعث سماعت 22 جنوری تک ملتوی کر دی۔پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہاکہ عمران نیازی نے ملک میں احتساب کا ڈرامہ رچایا جو اب ختم ہو چکا ہے ۔ نیب کی اصلیت لوگوں کو پتہ چل چکی ہے، وزیراعظم نے خود نئے ڈی جی نیب کی تقرری کی ہے، نیا ڈی جی نیب بھی وزیراعظم کے انتقام کے ایجنڈے کو پورا کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمت میں 5 روپے فی یونٹ اضافہ کیا گیا ہے ،یہ ٹولہ ملک کو تباہی کی جانب لے جا رہا ہے ،غریب اور تنخواہ دار طبقہ کیسے گزارہ کرے گا،اب عوام اپوزیشن کا ساتھ دیں اور اس حکومت کو باہر نکالیں ،یہ کچھ عرصہ اور اقتدار میں رہے تو ملک کا ناقابل تلافی نقصان ہو جائے گا،ڈالر 200 روپے تک پہنچنے کے منفی اثرات ہوں گے ۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی پنجاب میں دوبارہ زندہ ہونے کیلئے کوششیں کررہی ہے،زرداری صاحب کو چاہیے کہ وہ اپنی بات عوام تک پہنچانے کے لئے بہتر الفاظ کا چناو کریں، سیاسی جماعتوں کے درمیان صحتمندانہ مقابلہ ہونا چاہیے ،پیپلز پارٹی کے پنجاب میں منظم ہونے سے ہمیں کوئی خطرہ اور اعتراض نہیں۔