اسلام آباد: ہارویسٹ ٹریڈنگ کے چیف آپریٹنگ آفیسر اور بزنس مین پینل کے سیکرٹری جنرل احمد جواد نے کہا ہے کہ پاک بھارت تجارتی تنازعہ سے قومی معیشت پر کسی قسم کا کوئی منفی اثر نہیں پڑے گا بلکہ اس سے بھارت کو بھاری نقصان برداشت کرنا پڑے گا۔ جمعرات کو اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان اور بھارت کی دو طرفہ تجارت بھارت کے حق میں ہے اس لئے تجارتی پابندیوں سے خود بھارت ہی متاثر ہو گا۔
انہوں نے کہاکہ گزشتہ مالی سال کے دوران پاکستان نے بھارت کو 484 ملین ڈالر کی برآمدات کی تھیں جبکہ بھارت سے 1.8 ارب ڈالر کی درآمدات کی گئیں۔ احمد جواد نے کہاکہ گزشتہ مالی سال کے دوران ہمسایہ ممالک کی دو طرفہ تجارت میں 1.316 ارب ڈالر کا تجارتی توازن بھارت کے حق میں رہا تھا۔
انہوں نے مزید کہاکہ بھارت اپنے مسائل پر قابو پانے کی بجائے ہمیشہ ہمسایہ ممالک پر الزام تراشیوں کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پلوامہ کے حالیہ واقع کے بعد بھارت نے بلا تحقیق پاکستان پر الزام تراشیاں شروع کر دیں اور عوام کی حمایت حاصل کرنے کے اوچھے ہتھکنڈے کے طور پر تجارت بھی معطل کر دی جس سے پاک بھارت سرحد پر زمینی راستے اور سمندری راستے سے ہونے والی تجارت میں تعطل پیداہو گیا ہے۔ احمد جواد نے کہا کہ بھارت میں انتخابات کی وجہ سے بھارتی قیادت اپنے ووٹرز کی خوشنودی حاصل کرنے کے لئے مختلف حربے استعمال کررہی ہے لیکن بھارت اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان نے ہمیشہ سے ہی تنازعات کے خاتمہ کے لئے بامقصد مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا ہے جبکہ بھارت نے مذاکرات نے راہ فرار اختیار کیا ہے جس سے جنوبی ایشیاءکے خطے کی ترقی و خوشحالی اور امن وامان کی صورتحال متاثر ہو رہی ہے۔