ضرار

”ضرار“سچی کہانی پر مبنی جیمز بانڈ طرز کی فلم ہے، شان شاہد

اسلام آباد: پاکستان فلم انڈسٹری کے معروف اداکار شان شاہد نے کہا ہے کہ ان کی نئی فلم ”ضرار“ سچی کہانی پر مبنی ہونے کے ساتھ جیمز بانڈ طرز کی فلم ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق اداکار شان شاہد نے اپنی نئی جاسوسی اور تھرلر پر مبنی فلم ”ضرار“ کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک اچھی ایکشن فلم بنانا چاہتے ہیں کیونکہ ایک طویل عرصہ گزر چکا ہے کہ ہم نے اچھی پاکستانی ایکشن فلم نہیں دیکھی اور فلم ”ضرار“ ایک ایسی فلم ہو گی جو اس سے پہلے پاکستان میں کبھی نہیں دیکھی گئی ہو گی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ فلم 90فیصد سچے واقعات پر مبنی ہے جس میں حقیقی دنیا اور آج کے پاکستان کی عکاسی کی گئی ہے جبکہ فلم میں ملک کو درپیش خطرات اور ملکی وقار کو بہت خوبصورتی سے واضح کیا گیا ہے اور فلم میں جنگ کی پانچویں نسل اور خطرات جنہیں میڈیا پر دکھانا چاہیئے لیکن اسے نظر انداز کیا جارہا ہے پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ سچی کہانی پر مبنی جیمز بانڈ طرز کی فلم ہے جو جوسوسی اور تھرلر سے بھرپور ہے جو رواں سال ریلیز کی جارہی ہے۔