روشن "ڈیجیٹل اکاؤنٹس

شاہ محمود قریشی نے پاکستان قونصلیٹ دبئی میں روشن "ڈیجیٹل اکاؤنٹس وال” کا افتتاح کیا

دبئی(لاہورنامہ)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے دبئی میں واقع پاکستانی قونصلیٹ دورہ کیا ۔ قونصل خانے پہنچنے پر متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر افضال محمود، قونصل جنرل آف دبئی حسن افضل،ڈپٹی قونصل جنرل گیان چند سمیت قونصل خانے کے افسران نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔

وزیر خارجہ نے وزیر اعظم عمران خان کے وڑن کی روشنی میں، پاکستان قونصلیٹ دبئی میں روشن "ڈیجیٹل اکاؤنٹس وال” کا افتتاح کیا۔اس اقدام سے ہر ماہ قونصلیٹ آنے والے تیس سے پینتیس ہزار پاکستانیوں کو روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کے حوالے سے ہمہ قسم کی معلومات کی فراہمی میں مدد ملے گی۔

قونصلر ہال
وزیر خارجہ نے قونصل خانے میں نئے تعمیر کردہ "قونصلر ہال” کا بھی افتتاح کیا

وزیر خارجہ نے قونصل خانے میں نئے تعمیر کردہ "قونصلر ہال” کا بھی افتتاح کیا ۔نیا قونصلر ہال دبئی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی سہولت کو پیش نظر رکھتے ہوئے، تعمیر کیا گیا ہے ۔وزیر خارجہ نے قونصل خانے میں پاسپورٹ کے حصول کیلئے "ون ونڈو کاؤنٹر” کا بھی افتتاح کیا ۔پاکستانی کمیونٹی کو پاسپورٹ کے حصول میں درپیش مشکلات کے ازالے کیلئے قائم کیا گیا "ون ونڈو پاسپورٹ کاؤنٹر”، کسی سفارتخانے میں شروع کیا گیا پہلا اقدام ہے ۔

وزیر خارجہ نے اس موقع پر قونصل خانے میں بنائے گئے "کال سینٹر "کا بھی افتتاح کیا ۔اس کال سینٹر کے قیام سے دبئی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی ، روزانہ کی بنیاد پر کال سننے اور انہیں مطلوبہ معلومات فراہم کرنے میں مدد ملے گی ۔یہ کال سینٹر روزانہ کی بنیاد پر ایک ہزار کال سننے کی استعداد کا حامل ہے ۔ وزیر خارجہ نے اس موقع پر پاکستان قونصلیٹ دبئی میں تعینات افسران اور عملے سے ملاقات کی اور انہیں پاکستانی کمیونٹی کی سہولت کے پیش نظر شروع کیے گئے نئے اقدامات پر شاباش دی.