خواجہ آصف

قومی اسمبلی میں اقلیت نے اکثریت کو روند ڈالا، خواجہ آصف

اسلام آباد (لاہورنامہ) پاکستان مسلم لیگ (ن )کے رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اسمبلی میں اقلیت نے اکثریت کو روند ڈالا، جنہوں نے قانون اور آئین توڑنے میں اعانت کی ان پر آرٹیکل 6 لگے گا،عمران خان اوران کے اہل خانہ سمیت سب قانون کا سامنا کریں گے.

عمران خان سب سے زیادہ کرپشن اور ڈکیتیاں کرتا رہا ہے،عمران خان ان چالیس چوروں کا علی بابا ہے،علیم خان نے عمران خان اور ان کی بیگم پر سنگین الزمات لگائے، وقت زیادہ دور نہیں بزدار ان کیخلاف وعدہ معاف گواہ بنے گا، عمران خان سب سیزیادہ کرپٹ اور کرپشن کا سرپرست ہے، اس نے کرپشن کا میٹر چالو رکھنے کیلئے پارلیمنٹ کو پامال کیا،بزدار مال اکٹھا کرکے کچھ خود بھی رکھ لیتا تھا۔

منگل کو (ن )لیگ کی رہنما مریم اورنگزیب کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ گزشتہ روز علیم خان نے بتایا ہے کہ عمران خان اور ان کی بیگم نے مال اکھٹا کیا،بزدار مال اکٹھا کرکے کچھ خود بھی رکھ لیتا تھا۔خواجہ آصف نے کہا کہ ان کے مال اکٹھا کرنے کے ویڈیو ثبوت سامنے آچکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اسمبلی میں اکثریت ہمارے پاس تھی، اقلیت نے اکثریت کو روند ڈالا، جنہوں نے قانون اور آئین توڑنے میں اعانت کی ان پر آرٹیکل 6 لگے گا۔

لیگی رہنما نے کہا کہ عمران خان اوران کے اہل خانہ سمیت سب قانون کا سامنا کریں گے،عمران خان سب سے زیادہ کرپشن اور ڈکیتیاں کرتا رہا ہے،عمران خان ان چالیس چوروں کا علی بابا ہے۔خواجہ آصف نے بتایا کہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیموں سے سب سے زیادہ فائدہ عمران خان اور ان کے اہل خانہ نے اٹھایا، عمران خان نے قیامت خیز کرپشن کی، پاکستان کی تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی، انہوں نے پاکستان کو کنگلا اور دیوالیہ کر دیا۔

لیگی رہنما نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کو علم ہے کہ وہ کیبل کیا تھی، اسے توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا، عدم اعتمام پر تمام حربے ناکام ہوئے تو غیرآئینی اور غیر قانونی طور پر اسمبلی کو تحلیل کر دیا گیا۔خواجہ آصف نے کہا کہ 2018 ء کے انتخابات دھاندلی زدہ تھے، اگر یہ پاکستان سے محبت، آئین کی تابعداری کو غداری سمجھتے ہیں تو یہ غداری ہم کرتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس 7 سال سے نہیں چلا، اب سماعت ہو رہی ہے، اس کا بھی فیصلہ آئے گا، تمہارے بچے پاکستان آتے ہی نہیں، کہتا ہے لوگوں کے بچے باہر ہیں۔خواجہ آصف نے کہاکہ سپریم کورٹ اور معزز ججز آئین و قانون کے نگہبان ہیں، یہاں بھی اور لاہور میں بھی آئین و قانون کا بول بالا ہوگا، ہم الیکشن لڑیں گے تاہم پہلے آئین توڑنے کے معاملے کی تصحیح کی جائے، دھاندلی زدہ الیکشن لڑنے کی عادت پی ٹی آئی کو ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ان کی آخری ہچکیاں ہیں، ڈوبتا ہوا شخص ہاتھ پیر مار رہا ہے،ہمارے وکلا ئ خوبصورتی کے ساتھ کیس لڑ رہے ہیں،ان کے حواری تاثر دے رہے تھے کہ عمران خان باغی ہوسکتا ہے لیکن کرپٹ نہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ جتنے سنگین الزامات علیم خان نے لگائے تھے اب وہ ان کے دشمن ہوگئے ہیں، عمران خان جیسا کرپشن کا بادشاہ کوئی نہیں ہے، انہوں نے دو دن پہلے آئین کی پامالی کی اور قانون کی دھجیاں اڑائیں۔ن لیگی رہنما نے کہاکہ عمران خان تاثر دیتے ہیں باقی سارے چور ہیں،اس سے ثابت ہوتا ہے عمران خان کرپٹ حکمران ہے۔