لاہور:وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے دشمن کی طر ف سے کسی بھی جارحیت کی صورت میںتینوں مسلح افواج کو بھر پور جواب دینے کا اختیار دے دیا ہے ،اگر حملہ ہوا تو برلا جی کے مندر کی گھنٹیاں نہیں بجیں گی اور سارا قرضہ یکمشت اترجائے گا ۔
وہ ہفتے کو ریلوے ہیڈ کوارٹرز لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم مودی نے ستر فیصد جنگ کے آثار پیدا کر دیئے ہیں ،مودی نے چار ریاستوں میں الیکشن ہارنے کے بعد پاکستان سے پنگا لیا ہے ،میں نے کبھی کسی جمہوری اور لبرل ملک کہلوانے والے ملک کو اتنا مذہبی انتہاپسند نہیں دیکھا ، بھار ت سعودی ولی عہدمحمد بن سلمان کو پاکستان کے خلاف کوئی ثبوت بھی نہیں دے سکا ۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ سمجھوتہ ایکسپریس کو دیکھ کر کہا تھا کہ اسے آگ لگائی گئی ہے ،جس وقت تک ایک کشمیری بھی زندہ ہے ان کی جدوجہد جاری رہے گی اورپاکستان ان کے ساتھ کھڑا ہے ۔ اپوزیشن کی حکومت مخالف تحریک چلانے اور شہباز شریف کی رہائی کے سوال پرشیخ رشید احمد نے کہا کہ میں نے کہا تھا کہ سوائے شہباز شریف کے کسی کو ڈیل یا ڈھیل لیتے نہیں دیکھا ،آصف زرداری کا وہ فیوز اڑا ہوا ہے اور” پاسورڈ“ گما ہوا ہے جو تحریک چلائے۔ نواز، شہباز کی بیماری کا ذکر کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ یہ جب اقتدار میں ہوں تو تندرست اور اقتدار سے باہر ہوںتو بیمار ہوجاتے ہیں، پھر ایسی ایسی بیماری نکال لیتے ہیں جس کا علاج پاکستان میں ہی نہ ہو،ڈاکٹروں نے انہیں کھلی فضا میں رکھنے کا کہا ہے ،شریف برادران کو لال حویلی میں رکھا جائے، ان کا علاج وہاں پر ہے، شیخ رشید احمد نے کہا کہ زرداری صاحب چاہتے ہیں کہ وہ کراچی میں کیسز لگوائیں ، نواز شریف یہ چاہتے ہیں کہ ان کے کیسز لاہور میں لگیں،اس میں ضرور کوئی نہ کوئی تو وجہ ہے۔
شیخ رشید احمد نے ایک استفسار پر کہا کہ بلاول سے صلح ہوگئی ہے آپ پھر لڑائی کرانا چاہتے ہیں ،انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ صرف سری نگر ہی نہیں بلکہ بھارت میں بھی میرے پیغام کو سنا جاتا ہے، انہوں نے بتایا کہ مجھے ایل این جی کیس میں ستائیس فروری کو نیب نے طلب کیا ہے مگر اس دن میں ملک میں نہیں ہوں گا ،اس حوالے سے وزیر اعظم سے اجازت لے کر جاو¿ں گا،ایل این جی کیس میں پیشی کا وزیر اعظم سے بات کرکے پھر فیصلہ کروں گا، اس کیس میں بڑی کرپشن سامنے آئے گی،وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ریلوے میں کئے گئے اقدامات پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ٹریکنگ سسٹم کے ساتھ کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم منسلک کیا ہے،تمام ریلوے کی اراضی اور لیز کو کمپیوٹرائز کردیا ہے جس میں موبائل فون پر کرایے اور قبضے چیک کرسکیں گے، انہوں نے کہا کہ جناح ایکسپریس لاہور سے کراچی کینٹ نان اسٹاپ چلے گی جبکہ پشاور، نوشہرہ، مردان اور درگئی سے کراچی نئی ٹرین چلائیں گے ،دو اعشاریہ چار بلین روپے اضافی کمائے ہیں ،اپنے تیل کے خرچے کم کرکے اسے دس بلین تک لے کر جائیں گے ،جہاں لوڈ زیادہ ہے وہاں کوچز میں اضافہ کریں گے ،سامان لانے والی ٹرینوں کو بڑھائیں گے ،ایک لاکھ پندرہ ہزار روپے کرایہ لیں گے ،سرسید ٹرین بھی جلدی لے کر آئیں گے ،وفاقی وزیر ریلوےز نے کہا کہ سترہ اوراٹھارہ گریڈ کے افسروں کے خود انٹرویو کیے ہیں ،چائنیز لوکوموٹو کو اوورہال کرنے جارہے ہیں ،پی ایم پیکیج کے تحت نوکریاں جو ہیں وہ وہیں رہیں گے ،کرپشن پر زیروٹالرنس اپنائی ہے ، شیخ رشید احمد نے بتایا کہ ایمر جنسی حالات کے پیش نظر ایک ہفتے کا آئل اسٹاک کو ایک ماہ تک اسٹاک کرنے کی ہدایت کی ہے، انہوں نے کہا کہ تین محکموں میں سے ایک اور محکمہ ختم کرنے جارہا ہوں ،ریلوے میں سرمایہ کاری کے لیے اٹھارہ ملکوں نے دلچسپی کا اظہار کیا ہے،وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ دبئی فیسٹیول اور ایران کا دورہ کروں گا ۔