عالمی برادری

عالمی برادری خطے کے امن کےلئے بھارت کے جنگی جنون کا نوٹس لےکر اپنا سخت رد عمل دے ‘ آل پاکستان انجمن تاجران

لاہور:آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے بھارت کی در اندازی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی قوم اور مسلح افواج دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے کےلئے متحد ہیں ،عالمی برادری خطے کے امن کےلئے بھارت کے جنگی جنون کا نوٹس لے کر اپنا سخت رد عمل ظاہر کرے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھارتی ائیر فورس کی آزاد کشمیر میں در اندازی کے خلاف اپنے رد عمل میں کیا ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ موجودہ حالات میں حکومت فی الفور آل پارٹیز کانفرنس طلب کر کے قوم کو اعتماد میں لے اوراس پلیٹ فارم سے دشمن کو جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کا واضح آگاہ کیا جائے ۔ بھارت ہماری امن کی خواہش کو کمزوری سمجھ بیٹھا ہے جس کا جواب دینا ناگزیر ہو گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی مسلح افواج پر فخر ہے اور قوی یقین ہے کہ اگر پاکستان کی افواج نے بھارت کی حدود میں کارروائی کی تو طے شدہ ہدف کو حاصل کر کے واپس لوٹیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کا داعی ہے لیکن نریندر مودی پر انتخابات کی وجہ سے جنگ کا جنون سوار ہے جس کا عالمی برادری کونوٹس لے کر اپنا سخت رد عمل ظاہر کرنا چاہیے ۔