لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں ڈینگی کے سدباب کیلئے اقدامات کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈینگی کے سدباب کے لئے متعلقہ محکموں او راداروں کو متحرک کرنے کا فیصلہ کیا گیا-
وزیر اعلی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ محکمے او رادارے ڈینگی کی روک تھام کے لئے فعال انداز میں فرائض سرانجام دیں اور وضع کردہ پلان پر 100فیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائے ا ور اس ضمن میں متعلقہ ادارے اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے مرض کو پنجاب میں پھیلنے سے بروقت روکنا ضروری ہے لہٰذا نکاسی آب کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں، ڈینگی کے مرض سے نمٹنے کے حوالے سے وضع کردہ پلان پر عملدرآمد میں تساہل کی کوئی گنجائش نہیں۔ انسداد ڈینگی کے لئے کئے جانے والے اقدامات میں کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کروں گا ۔ کوتاہی جہاں نظر آئی وہاں پر سخت ایکشن لیا جائے گا-اجلاس میں انسداد ڈینگی کے لئے ضرورت کے مطابق ہنگامی بنیادوں پر عملے کی بھرتی کا فیصلہ کیا گیا -وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس ضمن میں ضروری فنڈز ترجیحی بنیادوں پر فراہم کریں گے اور عملے کی کمی کو دور کیا جائے گا-
انہوں نے ہدایت کی کہ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز انسداد ڈینگی کے لئے باقاعدہ اجلاس منعقد کر کے فوری عملی اقدامات کریں-وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام میں ڈینگی سے بچاؤ کی تدابیر کا شعور بیدار کرنا ضروری ہے،لہٰذا اس حوالے سے موثر آگاہی مہم شروع کی جائے اور ڈینگی سے بچاؤ کے لئے معیاری ادویات کی بروقت فراہمی کا اہتمام کیا جائے- انہوں نے کہا کہ شہری ڈینگی سے بچنے کیلئے حفاظتی تدابیر پر عمل کریں اورمحکمہ صحت ڈینگی کی ممکنہ آمد کے پیش نظر ہسپتالوں میں تمام تر اقدامات مکمل کرے۔ سکولز اور کالجز کے طلبا کو ڈینگی سے بچاؤ کی تدابیر سے آگاہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے مرض سے نمٹنے کے لئے متعلقہ ادارے پوری طر ح چوکس رہیں- ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس پر بھر پور توجہ دی جائے۔ سیکرٹری پرائمری و سکینڈری ہیلتھ کی جانب سے ڈینگی سے بچاؤ کے لئے انتظامات پر تفصیلی بریفنگدی گئی-
اجلاس میں صوبائی وزیرقانون و بلدیات راجہ بشارت، وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، وزیر سکول ایجوکیشن مراد راس، وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں، صوبائی مشیر صحت محمد حنیف پتافی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، متعلقہ سیکرٹریز، ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔