خلائی جہاز

انسائیٹ خلائی جہازنے مریخ کا موسمیاتی خبرنامہ بھیجنا شروع کردیا

کیلفورنیا: اب مریخ پرموجود خلائی جہاز کی بدولت سرخ سیارے کی روزانہ کی بنیاد پرموسمیاتی خبرنامہ معلوم کیا جاسکتا ہے۔ اس طرح اب ہم زمین کے علاوہ کسی دوسری دنیا کے موسم سے بھی آگاہ ہوسکتے ہیں۔

نظامِ شمسی کے اہم اور زمین کے پڑوسی سیارے پرناسا کی جانب سے حال ہی میں انسائیٹ نامی خلائی جہاز بھیجا گیا ہےاور اس کے حساس ترین آلات کو جدید ترین موسمیاتی اسٹیشن قرار دیا جاسکتا ہے۔ یہ خلائی جہاز مریخ کے درجہ حرارت، ہوا کی رفتار اور دباؤ وغیرہ کی خبردیتا رہتا ہے۔

مریخ پر زلزلے پیما آلات بھی ہیں اوراپنے جدید نظاموں کی بدولت یہ زمین کی اندرونی کیفیات اور اس کی ساخت پر بھی نظر رکھ سکتا ہے۔ ساتھ ہی یہ موسم کا احوال بھی 24 گھنٹے نشرکرتا رہتا ہے۔

انسائیٹ میں آگژیلری پے لوڈ سب سسٹم موسمیاتی خبر لیتا رہتا ہے جبکہ اس میں جدید زلزلہ پیما اور مقناپیما (میگنیٹومیٹر) بھی نصب ہیں۔ تاہم موسمیاتی اسٹیشن مشہورِ زمانہ جیٹ پروپلشن لیبارٹری نے تیارکیا ہے جس کی بدولت وہ مریخ پر طوفانِ بادوباراں یا مطلع صاف رہنے کی خبردیتا رہتا ہے۔

17 فروری کو مریخ کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت منفی 17 اور منفی 95 درجے سینٹی گریڈ تھا اور وہاں 60 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوا چل رہی تھی ۔ اگر آپ مریخی موسم میں دلچسپی رکھتے ہیں تو روزانہ کا موسمیاتی احوال یہاں سے معلوم کیا جاسکتا ہے۔