فنکاروں پر پابندی

بھارت کی جانب سے فنکاروں پر پابندی عائد کرنا شرمناک ہے: اداکارہ ریما

لاہور: (ویب ڈیسک)‌ پلوامہ حملے کے بعد پاکستانی فنکاروں پر لگائی جانے والی بھارت میں پابندی نے پاکستانی فنکاروں کو بھی متحد کردیا۔ لاہور پریس کلب کے زیراہتمام بھارت میں پاکستانی فنکاروں، کھیل اور تجارت پر پابندی کے بعد افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کے لیے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب میں صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان، اداکار شان، ریما، ریشم، میرا، وارث بیگ اورابرار الحق سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی ۔

اس موقع پر وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ہم سب یہاں ایک اعلان کرنے آئے ہیں کہ ہم امن کے خواہاں ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اداکارہ ریما نے کہا کہ کوئی بھی مذہب اشتعال انگیزی کی اجازت نہیں دیتا، بھارت کی جانب سےفنکاروں پر پابندی عائد کرنا شرمناک ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی لیڈر جو زبان استعمال کررہے ہیں اپنی قوم کی عکاسی کررہی ہے، وزیراعظم عمران خان نے اپنی تقریر میں امن و محبت کی بات کی انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس محبت اور عزت ہے بھارت کے پاس جنگ و نفرت کے علاوہ کچھ نہیں ،کشمیر میں بھارتی فوج انسانیت سوز مظالم کررہی ہے۔

گلوکارہ شاہدہ منی نے بتایا کہ انھیں تین بار بھارتی فلموں میں کام کی آفر ہوئی لیکن انھوں نےانکار کردیا، فنکاروں نے باور کرایا کہ پاکستان اور افواج پاکستان کے بغیر کسی کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔

گلوکار وارث بیگ نے ساتھی گلوکار عدنان سمیع پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عدنان سمیع نے اپنی پاکستانی شناخت کو بھارت کے لئے چھوڑ دیا، آج ان کا بھارت میں کوئی نام لینے والا ہے نہ ہی پاکستان میں۔ انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے پاکستان ہے، پاکستان ہے تو ہم بھی ہیں۔