ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ہدایت کارہ نندیتا داس نے بھارتی بے لگام میڈیا کو بی جے پی کی پروپیگنڈا مشین قرار دے دیا۔
پاک سرزمین پر بھارت کی جانب سے ناپاک حملے کی کوشش کو پاک فضائیہ کے شاہینوں کی طرف سے ناکام بنائے جانے کے بعد بھارتی میڈیا سفید کو سیاہ دکھاتا رہا اور اپنی پیشہ ورانہ خدمات انجام دینے کے بجائے منفی پروپیگنڈا کے ذریعے عوام کو حقیقت سے آشنا رکھنے کے بجائے جنگ کے خلاف اکساتا رہا۔
بھارتی میڈیا کے زہر اگلتے پروپیگنڈے کو جہاں بین الاقوامی سطح پر جھوٹا قرار دیا گیا وہیں بھارت میں بھی اسے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور اب بالی ووڈ اداکارہ نندیتا داس نے بھی بھارتی میڈیا کو پروپیگنڈا مشین قرار دے دیا ہے۔
فلم منٹو کی ہدایت کارہ نندیتا داس نے ایک ٹوئٹ میں بھارتی میڈیا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’پلوامہ حملے کے بعد سے بھارتی میڈیا نے ثابت کردیا کہ وہ حکمران جماعت (بھارتیہ جنتا پارٹی) کی پروپیگنڈا مشین ہے۔
واضح رہے کہ 27 فروری کو پاک فضائیہ نے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر دو بھارتی طیارے مار گرائے تھے اور ایک پائلٹ کو گرفتار کرلیا تھا۔