میٹروبس

عثمان بزدار نے میٹروبس کے کرایوں میں اضافے کی تجویز مسترد کر دی

لاہور:وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے میٹرو بس سروس کے کرایوں میں اضافے کی تجویز مسترد کردی۔ میٹروبس کے لئے 20 روپے سے بڑھا کر 60 روپے تک کرایہ کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔

وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ کرائے بڑھا کر غریب عوام پر معاشی بوجھ نہیں ڈالنا چاہتے، کرائے بڑھانے کی بجائے وسائل میں اضافے کیلئے دیگر قابل عمل آپشن کا جائزہ لیا جائے۔ میٹرو بس کے کرایوں میں اضافے کے حوالے سے ایک عرصہ سے تجاویز دی جا رہی تھیں۔ عوامی سطح پر کرائے بڑھانے کی تجاویز پر سخت ردعمل سامنے آیا، اپوزیشن جماعتوں نے بھی کرائے بڑھانے کی مخالفت کی تھی۔ وزیراعلی نے تمام امور کاجائزہ لینے کے بعد پہلے کرائے ہی برقر ار رکھنے کی منظوری دے دی۔
وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کی صدارت اجلاس میں کنٹریکٹ ملازمین کی دوران ملازمت وفات کی صورت میں اہل خانہ کو مالی امداد دینے کی منظوری دی گئی۔ 1 سے 4 سکیل کے کنٹریکٹ ملازمین کے اہل خانہ کو 16 لاکھ، 5 سے 10 سکیل تک کے ملازمین کے اہل خانہ کو 19 لاکھ، 11 سے 15 سکیل کے کنٹریکٹ ملازمین کے اہل خانہ کو 22 لاکھ، 16 اور 17 سکیل تک کے ملازمین کے اہل خانہ کو 25 لاکھ روپے، 18 اور 19سکیل کے ملازمین کے اہل خانہ کو 34 لاکھ جبکہ 20 اور اس سے زیادہ گریڈ کے کنٹریکٹ ملازمین کی وفات کی صورت میں اہل خانہ کو 40 لاکھ روپے مالی امداد دی جائے گی۔