پیپلزپارٹی

پاکستان پیپلزپارٹی معاشرے میں خواتین کو باوقار مقام دلانے کے لئے جدوجہد جاری رکھے گی، آصف علی زرداری

اسلام آباد:سابق صدر اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی قائدعوام ذوالفقار علی بھٹو شہید اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے نقش قدم پر چلتے ہوئے معاشرے میں خواتین کو باوقار مقام دلانے کے لئے جدوجہد جاری رکھے گی۔ سابق صدر نے کہا کہ پاکستان میں خواتین کا تاریخی کردار رہا ہے۔قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید نے پالیمنٹ میں خواتین کو نمائندگی دینے کا حق دیا تھا۔ خواتین نے ڈکٹیٹرشپ کے دوران جمہوریت کے لئے تاریخی قربانیاں دیں، جیل اور تشدد برداشت کیا۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے ہمیشہ خواتین کے ساتھ امتیازی سلوک کے خلاف بھرپور آواز بلند کی۔ انہوں نے خواتین پولیس اسٹیشن، فرسٹ ویمن بینک قائم کئے اور ہر ادارے میں خواتین کا کوٹہ مقرر کیا تاکہ خواتین ملکی امور میں بھرپور کردار ادا کریں۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے بینظیر انکم سپورٹس پروگرام کے ذریعے خواتین کی تنگ دستی اور محرومی کو ختم کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ خواتین کو ریاست میں مساوی حقوق دے کر ملک کی خدمت کرنے کے لئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لئے موقع فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی ذمے داری ہے کہ وہ خواتین کو ہر شعبے اور ریاستی امور میں کام کرنے کے وسائل فراہم کرے۔